الیکشن میں کامیاب ہونے والوں کو پی سی او کے تحت حلف اٹھانا ہوگا۔ ایم ایم اے کے صدرقاضی حسین کی پریس کانفرنس

بدھ 12 دسمبر 2007 15:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ انتخابات فراڈ ہیں اور اس میں حصہ لینے والی جماعتوں کو پچھتانا پڑے گا ۔ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کریں ۔

(جاری ہے)

ورنہ تمام جیتنے والوں کی صدر پرویز مشرف کی طرف سے جاری کردہ پی سی او کے تحت حلف اٹھانا پڑے گا ۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ وہ بدستور متحدہ مجلس عمل کے صدر ہیں اور گیارہ دسمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے ایم ایم اے کے اجلاس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتاب متحدہ مجلس عمل کا انتخابی نشان ہے اور اگر کسی جماعت نے یہ نشان غلط طور پر استعمال کیا تو وہ لوگوں کو اپیل کریں گے کہ کتاب کو ووٹ نہ دیا جائے ۔