آئندہ انتخابات میں جھوٹے وعدے کرنے والے طالع آزماؤں کو ناکام بنا دینگے،معززین علاقہ

جمعہ 18 جنوری 2008 12:32

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 18. جنوری2008 ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے53 اور پی پی 7سے صوبائی اسمبلی کے امیدوارچوہدری کامران اسلم کی حمایت کرتے ہوئے محلہ عنایت شاہی،یونین کونسل موہڑ شاہ ولی،محلہ پڑی اورمحلہ واڑیاں کے بااثر مذہبی وسیاسی خاندانوں کے سربراہان نے کہا ہے کہ وہ عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والے تمام سیاسی طالع آزماؤں کو ناکام اور چوہدری کامران اسلم کو آئندہ الیکشن میں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب بنا کر تعمیروترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے چوہدری کامران اسلم الگ الگ خصوصی اجلاسات میں سید عبادت حسین شاہ نمبر دار سید سبط الحسن شاہ سید افتخار حسین شاہ سمیت دیگر معززین نے کہا کہ علاقے کی سیاست پرکسی بھی خاندان کو اجارہ داری حاصل نہیں ہے چوہدری کامران اسلم نے اپنے پہلے دور میں عوام کی بے لوث اور بے مثال عملی خدمت کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ کھوکھلے نعروں کی بجائے عوام کی عملی خدمت پریقین رکھتے ہیں اس موقع پر چوہدری کامران اسلم نے کہا ہے کہ حلقے کے عوام نے سابق وفاقی وزراء غلام سرور خان اور چوہدری نثار علی کو متعدد باراپنی نمائندگی کا حق دیا مگر دونوں رہنماؤں نے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا میں نے حلقے کے عوام کی تمام محرومیوں کے ازالے کو اپنے ایجنڈے پر رکھا اور مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل کے بھر پور اورایماندارانہ استعمال سے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی ہے جسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔