ضلع مانسہرہ میں امیدواروں کی انتخابی سرگرمیاں زورو شور سے جاری

جمعرات 24 جنوری 2008 13:09

شنکیاری (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 24. جنوری2008 )ملک بھر کی طرح ضلع مانسہرہ میں بھی 18 فروری کو متوقع عام انتخابات کیلئے انتخابی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں- اس ضلع کے حلقہ این اے 20 پر قومی اسمبلی کی نشست کیلئے تین امیدوار میدان میں ہیں جن میں ق لیگ کے سردار شاہجہاں یوسف‘پیپلزپارٹی کے مولانا غیاث الدین اور مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے سید صلاح الدین ترمذی شامل ہیں تینوں امیدوار دن رات ووٹرز سپورٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے رابطوں میں مصروف عمل ہیں تاہم شدید بارشوں اور برفباری کی وجہ سے انتخابی مہم میں مشکلات ہیں جس کی بدولت انتخابی مہم سست روی کا شکار ہے - اس حلقہ میں انتخابی شیڈول کے اعلان کے آغاز میں ن لیگ کے امیدوار کی پوزیشن مستحکم تھی لیکن محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کے امیدوار مولانا غیاث الدین کی پوزیشن انتہائی مستحکم ہو گئی ہے اب اصل مقابلہ ق لیگ کے سردار شاہجہاں یوسف اور پیپلزپارٹی کے مولانا غیاث الدین کے درمیان ہو گا-