صدربش2009 کیلئے3 ٹریلین ڈالر کے بجٹ کا اعلان کل کریں گے

اتوار 3 فروری 2008 16:19

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین03 فروری2008 ) امریکا کے صدر جارج بش پیر سال 2009 کے لئے تین ٹریلین ڈالر کے بجٹ کا اعلان کررہے ہیں ۔ دفاعی بجٹ میں 35 بلین ڈالرز اضافے کی تجویز ہے اورایٹمی پروگرامز کے لئے21 بلین ڈالرز مختص کئے جائیں گے ۔ تاہم صحت اور تعلیم کے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ۔ بجٹ خسارے کا تخمینہ چار سو بلین ڈالرز لگایا گیا ہے۔

اِس سے پہلے صدربش نے بجٹ خسارے کی جو پیشگوئی کی تھی جنگوں پر آنے والے اضافی اخراجات کی وجہ سے اْس میں اضافے کا بھی امکان ہے ۔بجٹ تجاویز کے تحت دفاعی بجٹ میں35 بلین ڈالرز اضافے کے بعدپینٹا گون کو مجموعی طور پر515 ارب ڈالرز دیئے جائیں گے جن میں تقریباً 7 فیصد فنڈز اضافی جنگی اخراجات کی مد میں ہیں ۔ ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرامز کے لئے 21 بلین ڈالرز مختص کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

عراق اور افغانستان کی جنگوں کے لئے ستر بلین ڈالرز کا ” بِرج فنڈ “ بھی بجٹ تجاویز کا حصہ ہے جس کے ذریعے آنے والے امریکی صدر کو آئندہ حکمت عملی پر غور کرنے کے لئے وقت ملے گا۔داخلی سلامتی کے پروگرامز کے لئے بجٹ میں گیارہ فیصد اضافے کی تجویز ہے جس کے تحت سرحد پر سیکیورٹی اور امیگریشن کا نظام سخت کیا جائے گا ۔بجٹ تجاویز کے تحت ہیلتھ اور ہیومن سروسز ڈیپارٹمنٹ کے لئے فنڈز میں دو بلین ڈالرز کی کٹوتی کی جائے گی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ کے لئے فنڈز منجمد کردیئے جائیں گے ۔ بجٹ تجاویز کے تحت تعلیمی پروگرامز کے فنڈز میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور تعلیمی بجٹ 60 بلین ڈالرز پر منجمد رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :