عوام کی تائید و حمایت سے دوبارہ منتخب ہو کر حلقے کے باقی ترقیاتی کام پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا ۔راجہ راشد حفیظ

اتوار 10 فروری 2008 12:15

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10 فروری2008 ) حلقہ پی پی گیارہ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ عوام کی تائید و حمایت سے دوبارہ منتخب ہو کر حلقے کے باقی ترقیاتی کام پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا عوام کھوکھلے نعروں کی سیاست کو دفن کر کے عملی خدمت کی سیاست کو فروغ دینے کیلئے میرا ساتھ دیں ہماری منزل اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور تعمیر و ترقی کے عمل کو مکمل کرنا ہے- انہوں نے یہ بات ضیاء کالونی یونین کونسل نمبر 9 میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی- اس موقع پر ملک جہانزیب‘ راجہ مقصود‘ سیف اللہ اور رفیق بلا نے بھی خطاب کیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد لسہ میں موجود تھی راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ جلسے میں لوگوں کو بہت بڑی تعداد میں شرکت - اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عملی خدمت کی سیاست کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں میں نے اپنا پہلا دور عوام کے درمیان گزارا ہے اور ان کے مسائل ان ہی کی ترجیحات کے مطابق حل کروائے ہیں- راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کر کے ماضی میں ووٹ لینے والے استحصالی لیڈرز ایک مرتبہ پھر عوام کو سہانے سپنے دکھا رہے ہیں مگر وہ عوام کی ہمدردیاں حاصل نہیں کر سکیں گے انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی استحصالی امیدوار کو ووٹ دے کر ترقی کا عمل روکنا نہیں چاہتے ہم ملک اور قوم کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہماری جدوجہد کا محور ہے جہاں ہر شخص کو نہ صرف تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہوں بلکہ انہیں ہر شعبہ زندگی میں ترقی کے یکساں مواقع بھی دستیاب ہوں اس موقع پر عوام نے دیگر مقررین کے ہم زبان ہو کر راجہ راشد حفیظ کی حمایت کا اعلان کیا مقررین نے کہا کہ ہم 18 فروری کو سائیکل کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر علاقے کی تعمیر و ترقی کے عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے-