چکوال ، پولنگ میں چھ دن باقی عوام لاتعلق

منگل 12 فروری 2008 17:33

چکوال (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین12 فروری2008 )میں دو قومی اورچار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابی مہم فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے ، چھ نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی مسلم یگ ن اور مسلم لیگ ق کے علاوہ 21 امیدوار میدان میں ہیں ، اصل مقابلہ مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت بھی اس بار اپنی کامیابی کے بارے میں بڑی پرامید ہے ، حلقہ این اے 60 پر مسلم لیگ ن کے چوہدری ایاز امیر ، مسلم لیگ ق کے سردار نواب خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی فوزیہ بہرام کے درمیان مقابلہ ہے ، جبکہ آزاد امیدوار شاہین بیگ بھی میدان میں ہیں ، حلقہ این اے 61 پر سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی امیدوار ہیں ، ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے سردار فیض ٹمن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار منصور حیات ٹمن کے ساتھ ہے ، تمام نشستوں پر دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں اور فتح اور شکست کا مارجن اس بار انتہائی مختصر ہوگا ، مجموعی طور پر عوام ابھی تک ان الیکشن سے لاتعلق ہیں ، اس حوالے سے اٹھارہ فروری کو ووٹوں کا ٹر آؤٹ بھی معمول سے بہت کم رہنے کے امکانات ہیں ۔