سیاسی جماعتیں امیدواروں سے کامیابی کے بعد نفاذ اردو کا حلف لیں‘ ثناء اللہ اختر

جمعہ 15 فروری 2008 11:53

راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین15 فروری2008 ) رفاعی تنظیم الاخوت کے صدر ثناء اللہ اختر نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسمبلیوں کیلئے اپنے نامزد امیدواروں سے اس امر کا حلف لیں کہ کامیاب ہونے کی صورت میں وہ ملک میں اردو کو بطور سرکاری زبان دفاتر میں جاری کرنے کے سلسلے میں پنی توانائیاں استعمال میں لائیں گے تاکہ قومی یکجہتی کو فروغ ہو اور پاکستانیوں میں اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے بندھن مزید مضبوط ہوں- انہوں نے یہ بات تنظیم کے ہفت روزہ اجلاس کے موقع پر کہی- اجلاس میں نثار چوہدری‘ ابو عزیز‘ ٹی ایم جان‘ ظفر اقبال‘ محمد طارق علی‘ زاہد نواز ستی‘ طاہر پرویز خاکسار ‘ڈاکٹر نیاز اکمل‘ شفقت رانا‘شیخ خالد محمود اور حاجی شیر گل نے شرکت کی- ثناء اللہ اختر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے 2008 کو مختلف زبانوں کا بین الاقوامی سال قرار دیا ہے اس لیے عوامی نمائندگان کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ علاقائی زبانوں کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ قومی زبان اردو کی ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترویج کیلئے اقدامات کریں انہو ں نے کہا کہ اردو ثقافتی سرمایہ کی امین ہے اور جسے دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد بولتے ہیں انہوں نے کہا کہ اردو ایک بین الاقوامی زبان کا درجہ اور مرتبہ حاصل کر چکی ہے اس لیے پاکستان میں سرکاری سطح پر اپنانے کے بعد اسے اقوام متحدہ کی سرکاری زبانوں میں شامل کرنے کا بھی مطالبہ کیا جائے-