جماعت اسلامی دس جون کے لانگ مارچ بھرپور حصہ لے گی، امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد

اتوار 1 جون 2008 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1جون۔2008ء) امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہاہے کہ دس جون کا لانگ مارچ قومی جدوجہد کا حصہ ہے جس میں ان کی جماعت بھر پور حصہ لے گی۔ لاپتہ افراد کے بارے میں لاہور میں ہونیوالے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پورا ملک امریکی گرفت میں آچکا ہے ، امریکا نے پاکستان کو اذیت خانہ بناڈالا ہے ۔ اس لئے پوری قوم کو معزول ججز کی بحالی کیلئے وکلاء کے لانگ مارچ میں شریک ہوناچاہیے ۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر عالمی استعمار نے مسلمانوں پر جنگ مسلط کردی ہے اور دنیا بھر میں مسلمانوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا معزول ججز کی بحالی نہیں چاہتا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیاکہ ایسا نظام بنایاجارہاہے کہ صدر پرویز مشرف کے بعد بھی پاکستان امریکا کی غلامی میں رہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکا کا ساتھ دینے پر پاکستان کی مغربی سرحدیں غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔