قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال 2008-09ء کیلئے 541ارب روپے کے غریب دوست ترقیاتی پروگرام کی منظوری دیدی۔ گھریلو صارفین کے لئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ چودہ اگست سے ختم کرنے کا فیصلہ

پیر 2 جون 2008 18:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جون۔2008ء) قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال دوہزار آٹھ نو کیلئے پانچ سو اکتالیس ارب روپے کے غریب دوست ترقیاتی پروگرام کی منظوری دیدی۔اسلام آباد میں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری اور ترقیاتی پروگرامز کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پی ایس ڈی پی کیلئے جو 541ارب کی منظوری دی گئی ہے اس میں وفاق کا حصہ تین سو اکہتر ارب جبکہ صوبوں کا حصہ ایک سو ستر ارب رکھا گیا ہے ۔ جبکہ ان میں سے ایک سو اٹھاسی ارب سوشل سیکٹر جبکہ ایک سو چھیاسٹھ ارب انفراسٹرکچر پر خرچ کئے جائیں گے ۔ذرئع کے مطابق اجلاس کے دوران زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کیلئے ستائیس ارب روپے علیحدہ مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ توانائی کے لئے چودہ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں یہ ان اکیاون ارب سے علیحدہ ہونگے جو واپڈا توانائی کیلئے خرچ کرے گا۔جبکہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں پانی کیلئے پچہتر ارب اور فوڈ و یگریکلچر کے شعبے کیلئے بیس ارب روپے مختص کئے گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کیلئے ملک میں افراط زر کی شرح آٹھ فیصد جبکہ جی ڈی پی گروتھ چھ اعشاریہ پانچ فیصد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔جبکہ تجارتی خسارہ چودہ ارب ڈالر لگایا گیا ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کااندازہ ستائیس سو ارب روپے لگایا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :