پاکستان میں کویت کے سفیرنے سرحد کے 5000 غریب اور نادار افرادمیں رمضان پیکج کا سامان صوبائی وزیرکے حوالے کردیا

بدھ 17 ستمبر 2008 15:21

پشاور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین17ستمبر2008 ) پاکستان میں کویت کے سفیر شیخ عزیز الرحیم الدہانی نے بدھ کے روز پشاور میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی جانب سے صوبہ سرحد کے 5000 غریب اور نادار افراد کیلئے بھیجا گیا رمضان پیکج کا سامان صوبائی وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں ستارہ ایاز کے حوالہ کیا۔مذکورہ پیکج کا سامان پشاور، مردان اور چارسدہ کے اضلاع ایک ایک ہزار مستحقین میں تقسیم کیا جائیگا جبکہ باقی امداد نوشہرہ، صوابی، مانسہرہ اور شانگلہ کی اضلاع کے 2000 مستحقین کو دی جائے گی۔

رمضان پیکج میں آٹا، چاول،چینی،گھی اور دال شامل ہیں۔تقریب میں دوسروں کے علاوہ وزیر زکوٰة و عشر حاجی زرشید خان ، رکن صوبائی اسمبلی عالمگیر خان خلیل اور کویت جوائنٹ ریلیف کمیٹی کے سیکرٹری فیصل الجیران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کویت کے سفیر ، صوبائی وزراء اور رکن اسمبلی نے مستحقین میں رمضان پیکج کی امداد تقسیم کی۔وزیر سماجی بہبود ستارہ ایاز نے اپنے مختصر خطاب میں صوبے کے غریب اور نادار لوگوں کیلئے اس مقدس مہینے میں حکومت کویت کی طرف سے امداد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کویت نے ہر مشکل گھڑی میں اپنے بھائیوں کی بھر پور مدد کی ہے اور توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی موجودہ نازک صورتحال میں حکومت کویت کی طرف سے امداد کی فراہمی قابل تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :