موجودہ حکومت بین الاقوامی سازش کا حصہ بن کر پاکستان کے نیو کلیئر پروگرام کو رول بیک کرناچاہتی ہے ،اعجازالحق۔۔۔مسلم لیگ ق پنجاب حکومت توڑنے کی سازش کاحصہ نہ بنے،ن لیگ کے ساتھ تعاون کیاجائے،عمرہ روانگی کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت

بدھ 17 ستمبر 2008 15:34

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین17ستمبر2008 ) مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بین الاقوامی سازش کا حصہ بن کر پاکستان کے نیو کلیئر پروگرام کو رول بیک کرناچاہتی ہے اس سازش کا پہلا ہدف پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنا ہے لہذا موجودہ صورتحال میں تمام محب وطن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پراکٹھی ہوجائیں مسلم لیگ ن اورمسلم لیگ ق کی قیادت موجودہ سنگین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ذاتی انا اور مفاد سے بالاتر ہوکر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرے بدھ کو عمرہ کی ادائیگی پرروانگی سے قبل بے نظیر بھٹو ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد اعجاز الحق نے کہا کہ بین الاقوامی سازش کے تحت پاکستان کی معیشت کو کمزور کیاجارہاہے ڈالر کی قدر روپے کے مقابلے میں62 سے بڑھ کر78 روپے تک پہنچ چکی ہے پٹرولیم کی قیمتیں عالمی سطح پر88 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں اس کے باوجود پٹرول کی قیمت چند روپے کم کرکے ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے ملک کی معیشت اور غریب عوام کا انحصار ڈیزل اور مٹی کے تیل پر ہے لیکن حکومت نے عوام کی توہین اور ان سے مذاق کیا ہے کیونکہ آئی ایم این کی ملک کے مالی معاملات کو سنبھالنے کیلئے وزارت خزانہ میں آکر بیٹھ گئی ہے محمد اعجاز الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے زرمبادلہ کے ذخائر نہ ہونے کے برابررہ گئے ہیں ملک دیوالیہ کے قریب پہنچ چکا ہے ایک سوال کے جواب میں محمداعجاز الحق نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا اگلا ہدف پنجاب حکومت کو حاصل کرنا ہے لہذ ا مسلم لیگ ن اور ق کی قیادت حالات کی سنگینی کا ادراک کرے انا اورذاتی مفاد کو چھوڑ کر پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے آپس میں مل کرحالات سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کرنا چاہیے اورمرکز میں مشترکہ طورپر موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

دونوں دھڑوں کے عمائدین کو قریب لانے کیلئے محمد اعجاز الحق نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں رابطے میں ہیں اور اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہ ملک کو موجودہ سنگین صورتحال سے نکالنے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت فی الفور آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے مسلم لیگ ق پنجاب حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کا حصہ بننے کی بجائے مسلم لیگ ن کے ساتھ تعاون کرے اور دونوں دھڑوں کی قیادت بات چیت کیلئے رابطے بحال کرے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طورپر غیرمستحکم کرنے کی عالمی سازشیں ہورہی ہیں پاکستان تاریخ کے انتہائی حساس اورپرخطر دور سے گزررہا ہے سیاسی جماعتوں کو اپنے تمام تر ذاتی اور سیاسی اختلافات کوبالائے طاق رکھ کر موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحد ہونا پڑے گا انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت کوپہل کرنی چاہیے اور اے پی سی بلائے تاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجودسیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے محمد اعجازالحق نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کی بجائے ہمیں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ایک سوال کے جواب میں محمد اعجاز الحق نے کہا مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں لیکن افسوس کہ بلوچستان میں مسلم لیگ ق کے مینڈیٹ کا احترام نہ کیاگیا مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر صوبے کی ترقی کیلئے کام کرے اس وقت صوبے میں انتقامی سیاست کو فروغ نہ دیا جائے مسلم لیگ ن کے صوبائی مینڈیٹ کااحترام کیا جائے اور صوبائی حکومت کو غیرمستحکم نہ کیا جائے اس سلسلہ میں مسلم لیگ ق کو سازش کاحصہ نہیں بننا چاہیے بلکہ مسلم لیگ ن کے ساتھ تعاون کیا جائے ایک اور سوال کے جواب میں محمد اعجازالحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کی قیادت کے درمیان صدارتی انتخابات کے موقع پر تاخیر سے بات چیت شروع ہونے کے باعث متفقہ صدارتی امیدوار کا فیصلہ نہیں ہوسکا تھا تاہم یے طے ہوا تھا کہ چھ ستمبر کے بعد قیادت کے درمیان بات چیت کیلئے رابطے جاری رہیں گے اب بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں گروپ مل کر کام کریں کیونکہ مسلم لیگ کے دونوں دھڑے نظریاتی طورپر ایک ہیں۔

بعد ازاں محمد اعجازالحق عمرہ کی سعادت حاصل کرنے حجاز مقدس روانہ ہوگئے محمداعجازالحق 30ستمبر تک سعودی عرب میں قیام کریں گے 27 ویں شب بیت اللہ میں گزاریں گے محمداعجازالحق عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد روضہ رسولﷺ پر حاضری دینے کیلئے مدینتہ المنورہ جائیں گے جس کے بعد 30ستمبر کو وہ وطن واپس آجائیں گے۔