مغرب کو معاشی بحران اور اسلامی شدت پسندی کیخلاف پاکستان کا ساتھ دینا چاہئے، شاہ محمود قریشی،پاکستان نے القاعدہ اور طالبان کیخلاف اقدامات کر کے مغرب کو محفوظ بنایا لیکن ہمیں ان کی بھاری قیمت چکانا پڑی، برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

بدھ 22 اکتوبر 2008 19:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2008ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ معاشی بحران اور اسلامی شدت پسندی کیخلاف مغرب کو پاکستان کا ساتھ دینا چاہئے، پاکستان نے القاعدہ اور طالبان کے ساتھ جنگ کر کے مغربی ممالک کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ برطانوی ادارے کو انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران سے بچاؤ کے لئے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی کو امریکی ناکامیوں پر قربانی کا بکرا بنا دیا گیا۔ دہشت گردی کیخلاف جھنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہونے کے ناطے دیگر ممالک کو ہماری مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران اور اسلامی شدت پسندوں کیخلاف پاکستان کی مدد مغرب کے مفاد میں ہو گی کیونکہ پاکستان کے طالبان اور القاعدہ کیخلاف اقدامات سے مغربی ممالک محفوظ ہوئے لیکن ہمیں ان اقدامات کی بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے جس میں معاشی بحران، خودکش حملے اور ہزاروں پاکستانیوں کی لاشیں شامل ہیں انہوں نے کہاکہ اگر ہم ناکام ہوئے تو صرف پاکستان کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر اس کااثر ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ کھڑا ہوا آج دنیا کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے اور اگر دیگر ممالک ہمارا ساتھ نہیں دیں گے تو وہ بھی ہمارے ساتھ ہی ڈوبیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی ناکامیوں پر آئی ایس آئی کو قربانی کا بکرابنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا سکیورٹی فورسز کے مشکل حالات میں آپریشن کا اندازہ لگانے سے زیادہ آسان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو تسلیم کرنا ہو گا کہ دہشت گردی کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں