پینٹگولرکپ، پنجاب نے 400رنز بناکر اننگزڈیکلیئر کردی ، سندھ ایک وکٹ کے نقصان پر43رنز

جمعہ 7 نومبر 2008 19:37

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07نومبر2008 ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کھیلے جارہے آربی ایس ڈومیسٹک ٹورنامنٹ پینٹگولر کپ کے تیسرے مرحلے میں پنجاب نے اپنی پہلی اننگزنو کھلاڑی آؤٹ 400رنز پر ڈیکلیئر کردی جبکہ جواب میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پرسندھ کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 43رنز بنالیے ہیں۔قذافی سٹیڈیم میں جاری میچ کے دوسرے روز پنجاب نے اپنی پہلی اننگز 245رنز ایک وکٹ کے نقصان پر دوبارہ شروع کی تو 281مجموعی سکور پر یکے بہ دیگر دوکٹیں گرنے سے میزبان ٹیم کی رنز بنانے کی رفتار کم ہوگئی۔

پنجاب کی جانب سے اوپنر اظہرعلی 135،عمراکمل 52، خرم شہزاد 41اور کپتان محمد حفیظ 78رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔سندھ کی جانب سے بولنگ میں اعظم حسین اور سہیل خان نے تین تین اور تنویر احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

جواب میں سندھ کی جانب سے آصف ذاکر اور خرم منظور نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 28کے مجموعی سکور پر آصف ذاکر کی صورت میں گری وہ 18رنزبنانے کے بعد عمران علی کا شکار بنے۔

دوسرے کھیل کے اختتام پر فیصل اطہر 9اور خرم منظور 10رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔پینٹگولر کپ کے تیسرے مرحلے کی سلسلے میں ارباب نیاز سٹیڈیم پشاورمیں جاری فیڈرل ایریاز اور سرحدکی ٹیموں کے مابین میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر سرحدکی ٹیم نے 9وکٹوں کے نقصان پر 230رنز بنالیے تھے ۔سرحدکی جانب سے یاسر حمید نے 76اور آفتاب خان نے 39 رنز بنائے۔بولنگ میں فیڈرل ایریاز کی طرف سے یاسر عرفات نے چار اور شہزاد رضانے تین وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پہلی اننگز میں فیڈرل ایریاز کی ٹیم 236رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :