پینٹگولرکپ ،خرم منظورکی ڈبل سنچری ،سندھ اور پنجاب کا میچ ڈرا

اتوار 9 نومبر 2008 17:54

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09نومبر2008 ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کھیلے جانیوالے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ پینٹگولرکپ میں دفاعی چیمپئن سندھ اور پنجاب کے مابین میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے کے میچ کے آخری روز سندھ نے اپنی پہلی اننگزمیں پنجاب کے 400رنز کے جواب میں سات وکٹوں کے نقصان پر509رنز پر ڈیکلیئر کردی ،سندھ کی جانب سے خرم منظور نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 201رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

یادرہے کہ خرم منظوراس عمدہ اننگزکی بدولت ناصر جمشید کی جگہ ابوظہبی سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کرلیے گئے ہیں اور وہ کل ابوظہبی کیلئے روانہ ہونگے۔سندھ کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے 115 اور افسر نواز نے 66رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

بولنگ میں پنجاب کی جانب سے وہاب ریاض نے تین اور عمران علی ،جنید ضیاء ،عادل رضا اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

109رنز کے خسارے میں چلے جانے کے بعد پنجاب کی ٹیم کھیل کے آخری روز ملنے والے آٹھ اوورز میں تیزرفتار سے بیٹنگ کی اور کھیل ختم ہونے تک تین وکٹوں کے نقصان پر 83رنز بنالیے تھے۔کپتان محمد حفیظ نے برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے 29گیندوں پر3چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 61رنزبنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں عمران علی 7اور عمراکمل چار رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔پہلی اننگز میں واضح برتری حاصل کرنے پر سندھ کی ٹیم کو تین پوائنٹس دئیے گئے ہیں۔پینٹگولر کپ کے چوتھے مرحلے میں پنجاب اور بلوچستان کے مابین اہم میچ 12نومبرسے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگا جبکہ اسی روز ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں سندھ اور میزبان سرحد کے درمیان میچ کا آغاز ہوگا۔

متعلقہ عنوان :