ایف بی آر بزنس کمیونٹی کو مزید کوئی آڈٹ نوٹس نہ بھیجے ، بابراعوان

اتوار 3 مئی 2009 13:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 مئی ۔2009ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو بزنس کمیونیٹی کو مزید کوئی آڈٹ نوٹس جاری نہ کریں کیونکہ اس سے تاجر برادری میں بے چینی بڑھ رہی ہے اور جن کو آڈٹ نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں ان کو جلد نمٹایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا جس نے آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد اشتیاق قریشی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی جبکہ آئی سی سی آئی ٹیکس کمیٹی کے چیئرمین نعیم صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایف بی آر کی طرف ڈائریکٹر جنرل ریجنل ٹیکس آفس جناب عزیز احمد بلور، کمیشنر انکم ٹیکس آفتاب احمد اور ایڈیشنل کلیکٹر حمید میمن نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملک کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہے اور ایف بی آر کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کرے جس سے تاجروں وصنعتکاروں کیلئے مشکلات پیدا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آرموجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے اور اس سلسلے میں تاجربرادری کی تجاویز اور مشورے کو بھی اہمیت دی جائے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد اشتیاق قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری باقاعدہ حکومت کو ٹیکس ادا کرتی ہے اور وہ ٹیکس کے خلاف نہیں ہیں ۔

تاہم ٹیکس کی ادائیگی کے باوجود ایف بی آر کی طرف سے ان کو آڈٹ کے نوٹس جاری کرنے سے تاجر برادری میں خوف و ہراس پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی کساد بازاری کے اس دور میں تاجر برادری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس و بجلی کے مہنگے ٹیرف، بینکوں کے مہنگے قرضے اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مشکل حالات میں یہ مناسب وقت نہیں تھا کہ ایف بی آر بزنس کمیونیٹی کو آڈٹ کے نوٹس جاری کرتا بلکہ حالات کا تقاضا یہ تھا کہ حکومت بزنس کمیونیٹی کیلئے مزید مراعات کا اعلان کرتی۔ انہوں نے تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ڈاکٹر بابر اعوان کی مثبت کوششوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل ریجنل ٹیکس آفس عزیز احمد بلور، کمیشنر انکم ٹیکس آفتاب احمد اور ایڈیشنل کلیکٹر حمید میمن نے ڈاکٹر بابر اعوان اور آئی سی سی آئی کے وفد کو یقین دلایا کہ ایف بی آر مزید کسی بزنس مین کو آڈٹ کے نوٹس جاری نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی کو اس سلسلے میں تنگ کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کے جن حضرات کو انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے آڈٹ نوٹس جاری ہو چکے ہیں ان کو بھی جلد از جلد نمٹانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔ آئی سی سی آئی کے وفد نے اس یقین دہانی پر ڈاکٹر بابر اعوان اور ایف بی آر کے آفیسران کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کے ان مثبت اقدامات کی وجہ سے تاجر برادری کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی اور وہ پوری توجہ کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اپنی توانائیاں استعمال کریں گے جس سے نہ صرف حکومت کے ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہو گا بلکہ کاروبارکے ترقی پانے سے بے روزگاری کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :