کراچی:تحریک طالبان کے پانچ دہشت گردگرفتار

بدھ 24 جون 2009 11:55

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔24جون 2009 ء) اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے منگھوپیر میں مقابلے کے بعد تحریک طالبان کے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس نے خفیہ اطلاع پرتھانہ منگھوپیر کی حدود کنواری کالونی میں کارروائی کے دوران مقابلے کے بعد پانچ ملزمان پرویز عرف عظیم، فیض رسول، رحمت گل، سعید محمد محسود اور فاروق خان محسود کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو کلاشنکوف، تین ٹی ٹی پستول سینکڑوں کارتوس مسروقہ کار اور بینک سے لوٹی گئی رقم برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

ملزمان کے دیگر ساتھی شاہ حسین، شاہد عرف شیرمحمد، جواد احمد عرف احمد علی بلوچ، علی عرف عرفان، محمد خان عرف عادل اور شیر محمد خان موقع سے فرار ہوگئے۔ایس ایس پی راجہ عمر خطاب کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور کراچی سمیت صوبے میں بینک ڈکیتیوں، رہزنی، لوٹ مار اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پر معمور تھے۔

ملزمان وارداتوں سے حاصل ہونے والی رقم کراچی میں تحریک طالبان کے مقامی کمانڈر مصباح الدین، شاہ حسین کے ذریعے مولوی شمیم کو جنوبی وزیرستان بھیجتے تھے۔ راجہ عمرکے مطابق ملزمان ڈکیتی، رہزنی، لوٹ مار اور اغواء برائے تاوان کی سو سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔