دنیا بھر کی طرح کراچی میں جمعہ کو ڈاک کا 136 واں عالمی دن منایا گیا

جمعہ 9 اکتوبر 2009 19:03

کراچی اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اکتوبر ۔2009ء() دنیا بھر کی طرح کراچی میں جمعہ کو ڈاک کا عالمی دن منایا گیا۔ 136 ویں عالمی دن کے موقع پر کراچی پوسٹل ٹرینگ سینٹر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں محکمہ ڈاک کے افسران ملازمین ودیگر نے بھی شرکت کی۔ ڈاک کا عالمی دن یونیورسل پوسٹل یونین کے 191 رکن ممالک ہر سال 9اکتوبر کو یونین کے قیام کی سالگرہ اور ڈاک کے عالمی دن کے طور پر مناتے ہیں۔

اس دن کے انعقاد کا مقصد ڈاک کے نظام کو بہتر بنانے کے علاوہ لوگوں میں محکمہ ڈاک کی اہمیت اور اس کی کارکردگی کو اجاگر کرنا ہوتا ہے۔ اس عالمی دن کے موقع پر بنیادی اغراض ومقاصد، لوگوں میں محکمہ ڈاک کی اہمیت پیدا کرنا اور لوگوں تک بہتر طور پر ڈاک کی ترسیل کو یقینی بنانا شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ یونیورسل پوسٹل یونین کے تحت پوری دنیا کو ڈاک کا علاقہ قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی یوم ڈاک کے حوالے سے تقریب میں پوسٹ ماسٹر جنرل میٹرول پولیٹن کراچی سید تاجن شاہ نے یونین کی پرچم کشائی کی۔ اللہ بخش سہتو، ایڈیشنل پوسٹ ماسٹر جنرل میٹرو پولیٹن کراچی نے یونین کے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا اور اس امر کی نشاندہی کی کہ پوری دنیا میں 4.36کھرب خطوط اور 6 ارب پارسل کی سالانہ تقسیم پوری دنی میں ہوتی ہے۔

کوئی بھی تنظیم دنیا میں اس قدر وسیع انسانی رابطے کی سہولیات نہیں رکھتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے اپنے پیغام ں کہا کہ ڈاک کے نظام میں مزید بہتری لائی جارہی ہے۔ اس مقصد کیلئے ایکسپریس پوسٹ میں بہتری لائی گئی ہے۔ ایجنسی سروسز کو مزید مربوط کیا گیا ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے منی آرڈر کو بہتر طور پر لوگوں کو بروقت اور خوش اسلوبی سے اس کی ترسیل کی جارہی ہے۔

اسی طرح پی آئی اے سے اسپیڈیکس ڈاک کی ترسیل کیلئے پی آئی اے سے بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔ سید تاجن شاہ نے محکمہ ڈاک کی کارکردگی اور اس کی سروسز کے بارے میں آگاہ کیا۔ پوسٹ ماسٹر جنرل سندھ نے بین الاقوامی طور پر پاکستان پوسٹ کے کردار کا تفصیلی ذکر کیا۔ دریں اثنا عالمی یوم ڈاک کے سلسلے میں سٹی اسکول نارتھ ناظم آباد کراچی میں بھی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں اس اسکول کیا یک طالب عالم سید علی ہارون کو بین الاقوامی خطوط نویسی کے مقابلے میں پورے پاکستان میں دوئم پوزیشن حاصل کرنے ہر 7ہزار روپے نقد ایوارڈ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ کی طرف سے سرٹیفکیٹ آف میرٹ اور ایک خوبصورت پوسٹیج اسٹیمپ البم انعام کے طور پر دیئے گئے۔

عالمی دن کے موقع پر اسکول کے طلبہ اور طالبات کو کراچی، جی پی اور اور ڈی ایم اوز کراچی کا دورہ بھی کرایا گیا اور انہیں ڈاک کے نظام کی اہمیت سے روشناس کرایا گیا۔ طلبہ اور طالبات نے ٹکٹوں کی نمائش بھی دیکھی۔

متعلقہ عنوان :