غریب عوام کو مارنے سے دہشت گردوں کے قوم دشمن عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں، بشیر احمد بلور

جمعرات 19 نومبر 2009 17:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 نومبر ۔2009ء) صوبہ سرحد کے سینئر وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بشیر احمد بلورنے خیبر روڈ نیو کچہری میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپل منڈی اور اب نیو کچہری میں پر ہجوم مقامات پر دھماکے کرکے اور غریب و ستم رسیدہ شہریوں کو بڑی بیدردی سے مار کر اور انکے خاندانوں کو بے آسرا کرکے دہشت گردوں کے ملک و قوم دشمن عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں دھماکہ کی جگہ کے معائنہ اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے موقع پر وہاں وکلاء، ڈاکٹروں اور صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے خودکش حملہ آور کو کچہری گیٹ پر روک کر زیادہ جانی نقصان روکنے پر وہاں سیکورٹی پر مامور پولیس جوانوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ عوام کی بھرپور حمایت اور پولیس و پاک فوج کے تعاون سے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ شروع ہو چکا ہے جس کے بعد اب وہ رہیں گے یا پھر ہم البتہ اسطرح کی انسانیت کش اور بزدلانہ کاروائیوں سیدہشت گرد اپنے عبرتناک انجام سے ہر گز بچ نہیں سکتے انہوں نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں اپنے ہی بے گناہ شہریوں کو خودکش حملوں کا نشانہ بنا کر، انکے ہزاروں لاکھوں غریب خاندانوں کا معاشی قتل کرکے اور ملک و قوم کی سالمیت کو داؤ پر لگانے سے یہ بھی ثابت ہو گیا ہے کہ اب دہشت گردی کے اس قوم دشمن شیطانی کھیل میں طالبان صرف آلہ کار بنے ہیں ورنہ اسلام میں تو ایک انسان کی جان لینے کو بھی حرام ٹہرایا گیا ہے انہوں نے یقین دلایا کہ خوکش حملوں سمیت تخریب کاری کے واقعات پر جلد قابو پا لیا جائے گا تاہم دہشت گردی کا شکار ہونے والے شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا اور دہشت گرد شہداء کے یتیم بچوں اور بیواؤں کی بد دعاؤں سے عنقریب خدائی قہر کی زد میں آجائیں گے انہوں نے کہا کہ عوام دہشت گرد عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ عوامی سیلاب کے ریلے میں دہشت گردوں سمیت ہر قسم کی دنیاوی طاقت خس و خاشاک کی طرح بہہ جاتی ہے اور اگر کسی نے عبرت لینی ہے تو وہ ابھی چند عشرے قبل ایران میں امام خمینی کی زیرقیادت آنے والے عوامی انقلاب کو یاد کرے تاہم موجودہ جمہوری حکومت پاک فوج کے تعاون سے اس طرح کے خونی انقلاب کی نوبت نہیں آنے دے گی انہوں نے کہا کہ اے این پی ریاستی یا غیر ریاستی ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہے جبکہ باچا خان کے فلسفہ عدم تشدد اور برداشت و بھائی چارے سے ہی قومی اور بین الاقوامی سطح پر امن و سلامتی کو فروغ مل سکتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں شکوہ غیروں سے زیادہ اپنوں سے ہے جو دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر اپنے ہی بہن بھائیوں کا گلہ کاٹنے اور ان کا بے دریغ خون بہانے پر اتر آئے ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ اس بات کی بھی شاہد ہے کہ دہشت گرد اگرچہ کافی انسانی و مالی نقصان اور تباہی پھیلانے میں تو کامیاب ہو جاتے ہیں مگر شکست بالآخر ان کا مقدر ہوتی ہے اور ایسا پاکستان میں بھی ہو گا اور شکست و ناکامی ہمارے دشمنوں کا مقدر ہو گی انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم، پاک فوج اورپولیس سمیت دیگر سیکورٹی جوانوں کا مورال پوری طرح بلند ہے اور وہ انسانیت کے دشمنوں کو ذلت آمیز شکست دے کر ہی دم لیں گے بشیر بلور نے کہا کہ دہشت گردی کی تازہ لہر سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں موثر اور مربوط اقدامات کررہی ہیں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے گھناؤنے اقدام میں ملوث عناصر کسی طور مسلمان یا انسان کہلانے کے مستحق نہیں بلکہ یہ درحقیت انسانیت کے درجے سے گرے ہوئے حیوان ہیں جن کا اسلام جیسے آفاقی اور امن کے پیامبر مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا اور نہ ہی وہ پیغمبر اسلام ﷺ کی شفاعت کے مستحق ہوں گے بلکہ ایسے انسانیت دشمن لوگ دنیا اور آخرت میں ذلیل و خوار ہوں گے جو مسلمان بچوں کو دوسرے انسان کا خون بہانے کیلئے خودکش دھماکوں پر تیار کرتے ہیں انہوں نے اس سانحہ میں شہید ہونے والے شہریوں اور پولیس جوانوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی جبکہ ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج پر مکمل توجہ دینے کی ہدایت کی ۔