بھارتی ریاست آسام میں پولیس سٹیشن کے قریب دو بم دھماکے، سات افراد ہلاک، 53 زخمی، دھماکوں سے قبل الفا کے نو جنگجو ریاست میں داخل ہونے کی اطلاعات ملی تھیں،علاقہ میں سکیورٹی بڑھا دی گئی، سرچ آپریشن شروع ۔ اپ ڈیٹ

اتوار 22 نومبر 2009 17:50

بھارتی ریاست آسام میں پولیس سٹیشن کے قریب دو بم دھماکے، سات افراد ہلاک، ..
نلباڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔22نومبر۔2009ء) بھارتی ریاست آسام کے ضلع نلباڑی میں پولیس سٹیشن کے قریب دو بم دھماکوں کے نتیجہ میں سات افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے جن میں سے 33 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دھماکوں کے نتیجہ میں قریب موجود گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے علیحدگی پسند تنظیم الفا پر بم دھماکوں کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کی صبح پہلا دھماکہ مقامی تھانے کے سامنے اور دوسرا دھماکہ چند منٹ بعدہی قریب واقع گوپال بازار میں ہوا۔دھماکوں کے نتیجہ میں سات افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے جبکہ قریب موجود گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واضح رہے کہ علیحدگی پسند تنظیم الفا کا یوم تاسیس صرف پانچ دن بعد منایا جانے والا ہے۔

(جاری ہے)

نلباڑی پولیس سپرنٹنڈنٹ جٹمول ڈولی نے بتایا کہ بم بائسیکلز پر نصب کئے گئے تھے اور دونوں کے درمیان 50 میٹر کا فاصلہ تھا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے چند منٹ کے وقفے سے ہوئے ۔علاقہ میں تیسرے بم دھماکے کی افواہوں کو پولیس نے غلط قرار دیا ہے۔ دھماکوں کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے مزید دھماکوں کے خدشے کے پیش نظر لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق شدید زخمیوں کو گوہائی میڈیکل کالج اور دیگر کو نلباڑی سول ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ الفا باغیوں کے علاقہ میں داخل ہونے کی اطلاعات کی وجہ سے لوئر اور اپر آسام میں سیکیورٹی انتہائی الرٹ تھی۔ بھارتی ٹی وی زی نیوز نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کالعدم تنظیم 709 اور 27 بٹالینزسے تعلق رکھنے والے الفا کے نو جنگجو ریاست میں داخل ہونے کی اطلاعات ملی تھیں جو یہاں اپنی غیرقانونی کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں۔

دھماکے کے وقت نئی دہلی میں موجود وزیراعلیٰ ترون گگوئی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو ہلاک کرنے والوں کو معاف نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور قاتلوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ الفا آسام میں اپنا یوم تاسیس 27 نومبر کو منانے والی ہے۔ 16 نومبر کو الفا نے ایک کارروائی کے دوران 12 آئل ٹینکروں کو جلا دیا تھا اور مال گاڑی کے چار ڈبوں کو بھی پٹڑی سے اتار دیا تھا۔ برطانوی خبررساں ادارے نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکوں میں نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ (این ڈی ایف بی) اور الفا جیسی شدت پسند تنظیموں کا ہاتھ ہے۔ تاہم ان میں سے کسی تنظیم نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔