سپریم کورٹ میں پیشی کیلئے آنے پر سابق سفیر حسین حقانی کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی ، وزارت داخلہ کی یقین دہانی

اتوار 10 مارچ 2013 19:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10مارچ۔ 2013ء) وفاقی وزارت داخلہ نے میمو کمیشن کی رپورٹ پر سپریم کورٹ میں پیشی کیلئے آنے پر سابق سفیر حسین حقانی کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ اتوار کو ذرائع کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ کو وزارت داخلہ نے تحریری طور پر آگاہ کردیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر نے میمو کمیشن کی رپورٹ پر سپریم کورٹ میں پیشی سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے موقف اپنایا ہوا ہے کہ پاکستان میں ان کی زندگی کو خطرہ ہے اسلئے وہ سپریم کورٹ میں پیشی کیلئے پاکستان نہیں آئیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ سے حسین حقانی کی زندگی کو درپیش خطرات کے پیش نظر انہیں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا جس پر وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حسین حقانی کی پاکستان آمد پر انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔