جامعہ حفصہ پر چھاپہ اور مولانا عبدالعزیز کی گرفتاری کی کوشش قابل مذمت ہے ،ملکی حالات اس قسم کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے متحمل نہیں ہو سکتے ،حکومتی ادارے حالات مزید خراب کرنے سے باز رہیں ،مدارس ،مساجداور علماء کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی بجائے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،وفاق المدارس العربیہ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری اور ڈپٹی سیکرٹری مولانا قاضی عبدالرشید کا مذمتی بیان

منگل 13 اگست 2013 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13اگست۔2013ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری اور ڈپٹی سیکرٹری مولانا قاضی عبدالرشید نے کہا ہے کہ جامعہ حفصہ پر چھاپہ اور مولانا عبدالعزیز کی گرفتاری کی کوشش قابل مذمت ہے ،ملکی حالات اس قسم کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے متحمل نہیں ہو سکتے ،حکومتی ادارے حالات مزید خراب کرنے سے باز رہیں ،مدارس ،مساجداور علماء کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی بجائے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے اپنی ناکامی کا سارا ملبہ مدارس اور علماء پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں ،موجودہ حالات کا تقاضا تو یہ تھا کہ علماء سے تعاون حاصل کیا جاتا ،تمام طبقات کی ہمدردیاں سمیٹ کر دہشت گردی کے عفریت پر قابو پایا جاتا لیکن لگتا ہے کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح مذہب پسندوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کی پالیسی پہ عمل پیرا ہے ،انہوں نے کہا کہ مدارس پر چھاپوں اور علماء و طلباء کی گرفتاریوں کا سلسلہ کسی طور پر بھی قابل برداشت نہیں ،انہوں نے حکومتی اداروں سے کہا کہ وہ اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں مارنے کی بجائے دہشت گردی کے اصل ذمہ داروں پر ہاتھ ڈالیں اور بے گناہ عوام ،علماء اور ارباب مدارس کو تنگ کرنے کی بجائے ان کی حفاظت یقینی بنائیں ،انہوں نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر شریف شہریوں ،علماء اور مدارس کے ساتھ یہی رویہ رکھا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :