ملک کی درست سمت کا تعین کر چکے ہیں ، اب ترقی کی جانب سفر شروع ہو گیا ہے ،و زیر اطلاعات پرویز رشید

بدھ جنوری 15:20

اسلام آباد /واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک کی درست سمت کا تعین کر چکے ہیں ، اب ترقی کی جانب سفر شروع ہو گیا ہے،بھارت سمیت دنیا کے گلے شکوے دور ہو گئے ہیں،دنیا کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے چھ ماہ کے اندر، نواز شریف حکومت نے ملک کے لیے ایک سمت کا تعین کرلیا ہے، جس پر، ان کے بقول، تیزی سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔

پچھلے دس بارہ سال کے اندر پاکستان اپنی سمت کھو چکا تھا۔انھوں نے کہا کہ دنیا کو پاکستان سے شکایتیں تھیں، ہمسایوں کے ساتھ ہمارے تعلقات ایسے تھے کہ سب کو ہم سے گلا تھا، حتی کہ ہمارے عزیز ترین دوستوں کو بھی ہم سے شکایات پیدا ہونا شروع ہوگئی تھیں۔

(جاری ہے)

اب چھ ماہ کے اندر اندر، برطانیہ کہتا ہے پاکستان کا دشمن، ہمارا دشمن ہے۔ امریکہ پاکستان سے بار بار پوچھتا ہے کہ اقتصادی مشکلات کو ختم کرنے کے سلسلے میں کیا کیا جا سکتا ہے؛ یورپی ممالک نے برآمدات کی درجہ بندی کی سطح میں توسیع کرکے ہماری ریٹنگ بڑھا دی ہے؛ بھارت جو یہ کہتا تھا کہ جب تک ممبئی کے ذمہ داروں کو سزائیں نہیں دی جائیں گی، اس وقت تک کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوگی اب اس کے ساتھ بھی بات چیت کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

افغان صدر، جنھیں پاکستان سے شکایات تھیں، اب وہ پاکستان کے بارے میں اچھی گفتگو کرتے ہیں۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اب دنیا سمجھتی ہے کہ پاکستان بھی بین الاقوامی برادری کا حصہ ہے اور بین الاقوامی برادری کو جو چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان اس میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے ہم دنیا کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں اور دنیا ہمارے مسائل کو سمجھنا شروع ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :