امریکہ پسپائی اختیارنہیں کررہا،جان کیری نے تنقید مستردکردی

اتوار 26 جنوری 2014 14:29

ڈیووس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26جنوری 2014ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے امریکہ کی عالمی سطح پر پسپائی اختیار کرنے کی رائے اور اس پر تنقید کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ سچ سے بہتر کچھ نہیں ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو جان کیری نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سچ سے بہتر کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے شام کے تنازعے کو حل کرنے کے بارے میں کوششیں، مشرقِ وسطی میں امن کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان معاہدہ کرانے کی کوشش اور ایران سے اس کے جوہری پروگرام پر بات چیت کرنے جیسے معاملات پر بات کی۔امریکی وزیر خارجہ نے مشرقِ وسطی کے علاوہ چین، شمالی کوریا اور جنوبی سوڈان میں جنگ بندی کی کوششوں سمیت دیگر خطوں میں بھی امریکی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے بھی عالمی اقتصادی فورم میں اپنی تقاریر میں امریکہ کے پسپائی اختیار کرنے کی رائے کو مسترد کیا۔امریکی وزیر جان کیری نے مزید کہا کہ یہ رائے غلط ہے کہ امریکہ اپنی سرگرمیوں کو کم کر رہا ہے اور یہ رائے سادگی پر مبنی ہے کہ ہمارے اثر و رسوخ کا تمام انحصار فوج پر ہے، اگر ہماری کسی جگہ بڑی فوجی طاقت موجود نہیں یا ہم فوری فوجی جواب نہیں دے سکتے تو ہم میدان سے غائب ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہاکہ شاید ایک منفرد دہائی کے بعد، بہت سارے لوگوں کی نظر میں بدقسمتی سے اس میں طاقت کو اہمیت تھی، اور ہماری جانب سے طاقت کا استعمال تھا، اب ہم سفارتی مصروفیات کے دور میں داخل ہو رہے ہیں جو وسیع اور گہری اور ہماری تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکہ کی فوجی طاقت اور زوال اور اثرورسوخ کم ہونے کے بارے میں اس وقت زیادہ باتیں ہونا شروع ہوئیں جب گذشتہ سال صدر براک اوباما نے شام پر میزائل حملوں کا فیصلہ واپس لے لیا۔

متعلقہ عنوان :