کراچی میں جرائم پیشہ عناصرکے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن میں تیزی

منگل 28 جنوری 2014 16:24

کراچی میں جرائم پیشہ عناصرکے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن میں تیزی

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2014ء) شہرقائد میں جرائم پیشہ عناصرکے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن میں تیزی آگئی ہے ،منگل کو مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے پولیس نے گینگ وار سے وابستہ ٹارگٹ کلرزاور 100سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث دوملزمان سمیت110جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیاہے ۔ جبکہ فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں بینک منیجر سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سپر مارکیٹ پولیس نے الیاس گوٹھ میں کاروائی کرتے ہوئے ملزم سلیم عرف سینڈو کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور وہ4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ جمشید کوارٹر پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایسٹ زون پولیس نے 54 مشتبہ اور 7مفرور اور اشتہاریوں سمیت 108 ملزمان کو گرفتار کرکے 12 پستول، ایک رائفل، ایک کاربائن، 15 موٹر سائیکلز، 3 موبائیل فون اور منشیات برآمد کرلی ہے۔ادھر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن کے علاقوں میں کارروائی کر کے ٹارگٹ کلنگ کی 2 وارداتوں سمیت 100 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کی شناخت عثمان اور زبیر کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان نے ایک سرکاری گواہ اور ایک شخص کو ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر قتل کیا تھا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے 7 موبائل اور نقدی سامان برآمد کیا گیا ہے۔

سائٹ ایریا میں نجی بنک کے باہر نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے بنک منیجر خرم حنیف کو زخمی کردیا۔زخمی کو طبی امدادکے لیئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لیاقت آباد ایف سی ایریا میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :