اخوان المسلمون سے روابط رکھنے پر مصرمیں بوسنیاکے سفیر کی دفترخارجہ طلبی

ہفتہ 8 فروری 2014 15:48

قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء)مصر ی نگراں حکومت نے اخوان المسلمون سے روابط رکھنے پر بوسنیا کے سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا اورایک یاداشت ان کے حوالے کی ،عرب ٹی وی کے مطابق گزشتہ روزمصر کی وزارت خارجہ نے بوسنیا کے سفارت خانے کے ناظم الامور کو طلب کیا اور ان سے اخوان کے اہم رہنماؤں سے روابط کرنے پر سخت احتجاج ریکارڈکرایا،بعدازاں وزارت خارجہ کے ترجمان بدرعبدالعاطی نے نیوزکانفرنس کے دوران بتایا کہ اعتراض پر مبنی ایک یادداشت بوسنیائی سفیر کے حوالے کی گئِی ہے،یہ یادداشت بوسنیائی سیاست دان باقر عزت بیگووچ کی ایک تصویر کے بعد دی گئی ہے۔

اس میں وہ سرائیوو میں اپنے دفتر میں اخوان المسلمون کے ایک وفد کا استقبال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران انھوں نے رابعہ کا نشان بنایا ہوا ہے۔عربی میں رابعہ کا مطلب چار ہے۔قاہرہ کے رابعہ العدویہ چوک میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد اخوان المسلمون کے حامیوں نے دوماہ تک دھرنا دیے رکھا تھا اور مصری سکیورٹی فورسز نے اس دھرنے کو ختم کرانے کے لیے اگست 2013 میں خونیں کریک ڈان کیا تھا جس کے بعد ہاتھ کی انگلیوں سے رابعہ کا نشان مصر کی مسلح افواج کے خلاف اخوان کی مزاحمتی تحریک کی علامت بن گیا تھا۔اس کے بعد سے پیلے رنگ کے پس منظرمیں سیاہ رنگ کے ہاتھ والے پرچم اب احتجاجی ریلیوں میں لہراتے نظر آتے ہیں۔