یکساں تعلیمی نصاب کی تیار ی کے لیے قومی نصاب کونسل قائم کی جارہی ہے ،بلیغ الرحمان ،معیاری تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،اچھے نظم و نسق کو یقینی بنانے اور ملک کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کا عزم کر رکھا ہے،وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان کا انوار مدینہ ماڈل کالج کی دسویں سالانہ تقریب سے خطاب

جمعرات 17 اپریل 2014 19:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) وزیر مملکت برائے داخلہ امور و تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے‘ پورے ملک میں یکساں نصاب کی تیار ی کے لیے قومی نصاب کونسل قائم کی جارہی ہے ‘اس سلسلے میں تمام صوبوں نے آمادگی کا اظہار کیا ہے،ہر سطح پرمعیاری تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،سمندرپارمقیم پاکستانی ہمارا حقیقی اثاثہ ہیں جو اپنی ترسیلات زر کے ذریعے پاکستان کے تعلیمی میدان اور معیشت کی بہتری کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ،حکومت نے اچھے نظم و نسق کو یقینی بنانے اور ملک کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کا عزم کر رکھا ہے، حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔

گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں انوار مدینہ ماڈل کالج نڑالی جبیر گوجر خان کے زیراہتمام منعقدہ دسویں سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں کسی پاکستانی کی جانب سے اعلیٰ مقام حاصل کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہے، ہر پاکستانی کا دل اپنی قوم کے ساتھ دھڑکتا ہے خواہ وہ کہیں بھی رہتا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت نے اچھے نظم و نسق کو یقینی بنانے اور ملک کوتعلیم، امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کا عزم کر رکھا ہے، اقوام عالم کے مقرر کردہ اہداف کے مطابق اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے حصول کیلئے نیشنل پلان آف ایکشن کے تحت پسماندہ علاقوں میں سکولوں اور کالجوں کا قیام،مواصلاتی انفراسٹرکچر کی بہتری اور سڑکوں کی تعمیر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے جو نہ صرف روابط میں اضافہ کرتی ہے بلکہ اقتصادی مواقع کی نئی شاہراہیں بھی کھولتی ہے جس کے نتیجہ میں معیشت کو تیزی سے ترقی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چار سالوں میں جی ڈی پی کا 4فیصد تعلیم پر خرچ کر کے پاکستان میں تعلیم کا معیار مزید بہتر کر دیں گے ‘حکومت دہشت گردی‘انرجی بحران سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے‘آئندہ سات سالو میں ملک میں 45ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کر لیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے جو جمہوریت کے استحکام کے لئے اولین شرط ہے، جمہوریت کی بدولت ہی سیاسی برداشت کا منفرد کلچر وجود میں آیا جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔

انہوں نے سمندرپارمقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوستانہ پالیسیوں سے استفادہ اٹھائیں۔قائد اعظم ٹرسٹ (UK ) کے صدر و انوار مدینہ ماڈل کالج کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق نے ملک کی ترقی و خوشحالی،تعلیم کے فروغ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان میں اعلیٰ تعلیمی معیار کیلئے حکومتی پالیسیوں کی تعریف کی ، انہوں نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیز اپنے ملک پاکستان میں مفت تعلیم کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور والدین کو بھی چاہیئے کہ وہ بچوں پر خصوصی توجہ دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل اشتیاق نذیرنے کہا کہ بچوں کوصحیح تعلیم اسی وقت دی جا سکتی ہے جب اداروں کو بھر پور وسائل حاصل ہوں،پرائیویٹ سیکٹر گورنمنٹ سیکٹر کے شانہ بشانہ چل رہا ہے جس سے تعلیم اب عام ہو رہی ہے اور ہر ایک کی پہنچ میں ہے۔تقریب کے آخرمیں وفاقی وزیر نے میٹرک میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیئے اور کالج انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔

متعلقہ عنوان :