خیبرپختونخوا میں ’پاکستان ڈیجیٹل سٹی‘ کے قیام کے معاہدے پر دستخط

یہ ملک کا اولین ٹیکس فری زون ہوگا، جس میں کام کرنے والی تمام کمپنیاں آئندہ دس سال تک ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 اپریل 2024 14:34

خیبرپختونخوا میں ’پاکستان ڈیجیٹل سٹی‘ کے قیام کے معاہدے پر دستخط
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2024ء ) خیبرپختونخوا میں صوبے کے اپنی نوعیت کے پہلے ’پاکستان ڈیجیٹل سٹی‘ کے قیام کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے معاہدے پر دستخط کردئیے گئے ہیں، اس حوالے سے خصوصی ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (STZA) اور خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) نے ’پاکستان ڈیجیٹل سٹی‘ کے قیام کے لیے 8 بلین روپے کی مالیت کے زون ڈویلپمنٹ معاہدے پر دستخط کیے، علاوہ ازیں نیسپاک اورنیشنل لاجسٹک سیل کی زیر نگرانی ’پاکستان ڈیجیٹل سٹی‘ میں 1 ہزار 642 ملین روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جو خیبرپختونخوا کے دور رس آئی ٹی ویژن کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ’پاکستان ڈیجیٹل سٹی‘ منصوبے کا تقریباً 30 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، جو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہری پور میں جاری یہ منصوبہ 11 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو 2026ء میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، یہ منصوبہ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا خصوصی ٹیکنالوجی زون ہوگا جس کے تحت 4 ہزارتک آئی ٹی سٹارٹ اپس قائم ہوسکیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ اس منصوبے کی بدولت آئی ٹی برآمدات میں 50 ملین ڈالر تک اضافہ ہوگا، ’پاکستان ڈیجیٹل سٹی‘ ملک کا اولین ٹیکس فری زون ہوگا جس میں کام کرنے والی تمام کمپنیاں آئندہ دس سال تک ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گی، اس منصوبے سے نا صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ آئی ٹی گریجویٹس کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے، اس وقت صوبہ خیبرپختونخوا کی 50 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمرکی ہے جس میں سالانہ 6 ہزار آئی ٹی گریجویٹ کا اضافہ ہو رہا ہے۔