وزیر مملکت انوشہ رحمان کی زیر صدارت ای آفس سسٹم کے قیام اور کارکردگی بارے اجلاس،وفاقی سیکرٹری آئی ٹی اخلاق احمد تارڑ، ایڈیشنل سیکرٹری عظمت علی رانجھا اور وزارت آئی ٹی کے اہم افسران کی شرکت،وزیر مملکت کی متعلقہ وزارتوں میں تمام ضروری عملدرآمدی اقدامات کا کام مکمل کرنے کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت

پیر 21 اپریل 2014 20:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2014ء)وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن کی زیر صدارت اسلام آبادمیں وفاقی وزارتوں / ڈویژنوں میں ای ۔ آفس سسٹم قائم کرنے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری آئی ٹی اخلاق احمد تارڑ، ایڈیشنل سیکرٹری عظمت علی رانجھا اور وزارت آئی ٹی اور پی سی بی کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیر مملکت کو ڈی جی (پی سی بی ) نے ای ۔ آفس پراجیکٹ سے متعلق ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی۔ وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ ای ۔ آفس کی تنصیب سے متعلق پہلے مرحلہ میں وزیر اعظم آفس ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سمیت 6وفاقی وزارتوں میں کام جاری ہے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ای ۔ آفس قائم کرنے کے سلسلے میں تربیت حاصل کرنے کیلئے 27وزارتوں سے نامزدگیوں / فوکل پرسن کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے پی سی بی حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام متعلقہ وزارتوں میں تمام ضروری عملدرآمدی اقدامات کا کام مکمل کرنے کی کوششیں تیز کریں تاکہ ای ۔ آفس سسٹم کی تنصیب کاکام بلا تاخیر مقررہ وقت پر بہتر طورپر پایہ تکیمیل کو پہنچ سکے۔ای ۔ آفس پراجیکٹ پر کام 2007ء میں شروع کردیا گیا تھا لیکن سابقہ حکومتوں کی عدم دلچسپی کے باعث یہ منصوبہ التوا کا شکار رہا۔

موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد گڈگورننس کیلئے موثر باکفائت اور شفاف حکومت کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ای ۔ آفس پراجیکٹ پر عملدرآمد کے کام کو تیز کیا۔وزیر مملکت نے پی سی بی کی انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی کی کہ مئی کے پہلے ہفتہ میں ایک تعارفی سیمینار کا اہتمام کیا جائے جس میں وفاقی وزارتوں کے سربراہوں کو مدعو کیا جائے اور اس ای ۔ آفس سسٹم کے نمایاں خدوخال اور خصوصیات سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جائیں۔