ایم ایچ 370 کی تلاش اب نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے ،آسٹریلوی حکام

پیر 28 اپریل 2014 13:24

ایم ایچ 370 کی تلاش اب نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے ،آسٹریلوی حکام

سڈنی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28اپریل 2014ء)آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ ملائیشیا کے لاپتہ مسافر طیارے کی تلاش کا عمل ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے ، ابتدائی طور پر سمندر میں زیر آب تلاش میں طیارے کا کوئی کھوج نہیں مل سکا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ کے مطابق اب سمندر کی تہہ میں اب ایک وسیع علاقے میں تلاش کی جائیگی۔

تاہم انہوں نے کہاکہ اس بات کا امکان کم ہے کہ سمندر کی سطح پر طیارے کے کوئی ٹکڑے ملیں۔کوالالمپور سے بیجنگ جانے والا یہ مسافر بردار طیارہ آٹھ مارچ کو لاپتہ ہو گیا تھا اور اس پر 239 افراد سوار تھے جن میں سے بیشتر چینی باشندے تھے۔سیٹلائٹ معلومات کی بنیاد پر حکام کے مطابق مسافر طیارہ اپنے متعین راستے سے بہت دور بحرہند کے جنوبی حصّے میں سمندر میں گر گیا تھاتلاش کے عمل میں مصروف حکام نے بتایا کہ لاپتہ طیارے کا بلیک باکس ملنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں کیونکہ بلیک باکس کی بیٹری عام طور پر صرف ایک ماہ تک کام کر سکتی ہے اور یہ مدت پوری ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

تفتیش کاروں کو ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوا کہ ایم ایچ 370 ملائیشیا اور ویت نام کے درمیان بحیر ہ جنوبی چین کی حدود میں لاپتہ ہونے کے بعد اپنے متعین راستے سے اتنا دور کیوں چلی گئی تھی۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے کہاکہ ایم ایچ 370 کو لاپتہ ہوئے 52 دن گزر چکے ہیں اور میں آپ کو اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ اس کی تلاش اب نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ اب تک طیارے کے تمام ٹکڑے پانی میں ڈوب چکے ہوں گے اس لیے تلاش کے عمل میں سمندر کی تہہ پر ایک بہت بڑے علاقے کو توجہ دی جائیگی۔