طلبہ یونین کی بحالی اور بلدیاتی انتخابات کا اعلان خوش آئندہے عملدآمد کو یقینی بنایا جائے،نورالباری

منگل 1 جولائی 2014 17:18

راولپنڈی( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1جولائی 2014) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی جانب سے طلبہ یونیزکی بحالی اور بلدیاتی انتخابات کا اعلان خوش آئند ہے مگر اس پر عملدآمد کو یقینی بنایا جائے ایک طرف حکومت نے نوجوانوں کے لیے سیاسی عمل میں حصہ لینے اور یونیز کی بحالی کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی نوجوانوں کو قومی سطح پر حق رائے دہی سے محروم کیا گیا ہے،اصولی طور پر جو شناختی کارڈ بنانے کی شرط ہے وہی ووٹ کے لیے بھی شرط ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پونچھ ہاؤس میں ملنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ جدید دور میں جدید ذرائع ابلاغ نے نوجوانوں کو شعور عطاکیا ہے اور وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کرنے کا شعور رکھتے ہیں ووٹر کی عمر 18سال سے 21سال کرنا نہ کوئی ایشو تھا اور نہ کسی نے مطالبہ کیا،انہوں نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید اپنے اعلان کی لاج رکھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد بلدیاتی انتخاب کا نظام بحال کریں اور شیڈول کا اعلان کریں تا کہ نچلی سطح پر اختیارات منتقل ہوں انہوں نے کہا کہ متاثرین زلزلہ اور دیگر مسائل کا حل بھی یہی ہے کہ بلدیاتی نظام بحال کیا جائے اور نچلی سطح پر عوام کو اختیار دیا جائے وہ اپنے مسائل حل کریں،یہ جمہوریت کی بنیاد بھی ہے کہ عوام کو اپنی آبادیوں میں مسائل کے حل اور وسائل کے استعمال کا اختیار ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار طریقے سے کروانے کے لیے بھی اقدامات کرے،انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے عوام کو نجات دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اگر حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرے گی تو عوام اور مسائل کا شکار ہوں گے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آزاد کشمیر میں رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرے اور عوام کو اشیاء خردونوش رعایتی نرخوں کو یقینی بنائے انہوں نے جماعت اسلامی کی تمام شاخوں اور ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ عوام کے ترجمان بنیں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے انتظامیہ پر دباؤ رکھیں۔

متعلقہ عنوان :