پاکستانی پوزیشن ہولڈرزطلبا وطالبات کا کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ کا دورہ

منگل 1 جولائی 2014 18:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔1جولائی 2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات نے برطانیہ کی مشہور کیمبرج یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیہ کی پوسٹ گریجویٹ طالبہ مس ٹیبی نے پاکستانی پوزیشن ہولڈر ز کا استقبال کیا اور کیمبرج یونیورسٹی کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں 31 کالجز اور 150 شعبہ جات ،فیکلٹیز،سکولز اور دیگر ادارے موجود ہیں۔

پاکستانی پوزیشن ہولڈرز نے کلیئرکالج کا بھی دورہ کیا جہاں برطانیہ کا سب سے قدیم پل بھی موجود ہے۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ ٹرنٹی کالج کی لائبریری دنیا کی قدیم ترین لائبریریوں میں سے ایک ہے جہاں پرسر آئزک نیوٹن کے لکھے مسودات بھی موجود ہیں جبکہ کیمبرج یونیورسٹی پریس دنیا کا دوسرا بڑا پریس ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبہ کو یونیورسٹی میں داخلے کے طریقہ کارکے متعلق بھی بتایا گیا۔

بعدازاں سوال وجواب کا سیشن ہوا جس میں پوزیشن ہولڈرز نے سرگرمی سے حصہ لیا۔پاکستانی طلبہ کے وفد نے والتھم فاریسٹ کا بھی دورہ کیا جہاں لارڈ نذیر احمد اورادارے کے سٹاف نے پوزیشن ہولڈرز کا استقبال کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں لارڈنذیر احمد ، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی خلیق الرحمن اور ڈاکٹر نذیر نے خطاب کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو غیر ملکی تعلیمی اداروں کے دورے کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعلی پنجاب کی تعریف کی۔ پوزیشن ہولڈرطلبا وطالبات نے اپنے خطاب میں وزیراعلی پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی تعلیمی اداروں کے دورے سے انہیں سیکھنے کے بہترین مواقع فراہم ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :