بھارت، چوری پچاس ہزار کی، برآمدگی کروڑ سے زیادہ کی،تحقیقات شروع

بدھ 9 جولائی 2014 21:39

بھارت، چوری پچاس ہزار کی، برآمدگی کروڑ سے زیادہ کی،تحقیقات شروع

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) بھارت میں حزب اقتدار کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک منتخب نمائندے کے گھر میں چوری کے بعد مسروقہ رقم میں ایک کروڑ 14 لاکھ روپے کے علاوہ قیمتی گھڑیوں اور زیورات کی برآمدگی کے بعد ان کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔گری راج سنگھ نے چوری کے بعد کہا تھا کہ ان کے گھر سے صرف 50 ہزار روپے چوری ہوئے ہیں۔

اس معاملے میں پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا ہے جن میں گری راج سنگھ کے سٹاف تین ارکان بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ گری راج سنگھ نے گذشتہ انتخاب کے دوران ایک تقریر میں کہا تھا کہ جن لوگوں نے ان کے رہنما نریندر مودی کو ووٹ نہیں دیے انھیں بھارت بدر کر کے پاکستان بھیج دیا جانا چاہیے۔ لیکن اپنے فلیٹ میں چوری کے بارے میں وہ خاموش ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے کہا ہے کہ بھارت ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے رکن پارلمینٹ نے ابتدائی طور پر اپنے گھر میں چوری کی واردات کے بارے میں گھر سے چوری ہونے والے سامان کے بارے میں کچھ نہیں کہا تھا بعد ازاں ان کی جماعت کے ایک اور رکن نے پولیس کو بتایا کہ 50 ہزار روپے چوری ہوئے ہیں۔

پولیس نے ان کے گھر میں ورادات کرنے والے چور کو پکڑ لیا اور اس کے قبضے سے نوٹوں سے بھرے ایک سوٹ کیس کے علاوہ قیمتی ڈیزائنر گھڑیاں اور اچھی خاصی مقدار میں قمتی زیورات برآمد کیے۔چور نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ ساری رقم، زیورات اور گھڑیاں اس نے گری راج سنگھ کے فلیٹ سے چرائی ہیں جہاں اس کو داخل ہونے میں خود گری راج سنگھ کے اپنے عملے نے اس کی مدد کی تھی۔

الیکشن سے پہلے اپنے اثاثہ جات ظاہر کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے بہت کم رقم درج کروائی تھی۔گری راج سنگھ کے پارٹی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ جو رقم گری راج سنگھ کے فلیٹ سے چرائی گئی ہے انھی کی ہو۔ لیکن ابھی تک اس کا کوئی دعویدار سامنے نہیں آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ٹیکس حکام کو مطلع کر دیا ہے اور چوری کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ اس بارے میں بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں کہ یہ رقم کہاں سے آئی۔

متعلقہ عنوان :