وزیراعلیٰ پنجاب سے مخیرحضرات ،تاجررہنماؤں ،پی ٹی سی ایل کے صدرو چیف ایگزیکٹو آفیسر،چیئرمین واپڈا اوراراکین اسمبلی کی ملاقاتیں،ملاقاتوں کے دوران آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں 11کروڑ 72لاکھ روپے مالیت کے چیک پیش کئے،ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد اور شہریوں کی جانب سے 5کروڑ 10لاکھ روپے ،گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تاجروں کیجانب سے پونے تین کروڑ روپے کے چیک پیش کئے گئے،مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد عبادت سے کم نہیں، بے گھرہونے والے پختونوں کی مدد کرنے والو ں کا جذبہ ایثار لائق تحسین ہے ،شہبازشریف

ہفتہ 19 جولائی 2014 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں مخیرحضرات ،تاجررہنماؤں ،پی ٹی سی ایل کے صدرو چیف ایگزیکٹو آفیسر،چیئرمین واپڈا اوراراکین اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں11کروڑ 72لاکھ روپے مالیت کے چیک دئیے- ایوان صنعت و تجارت فیصل آبا داور شہریوں کی جانب سے 5کروڑ 10لاکھ روپے ،پی ٹی سی ایل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ولید ارشاد نے ایک کروڑ روپے ، چیئرمین واپڈا ظفر محمود اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپکو آفتاب بٹ نے ایک کروڑ روپے،مشیر خواجہ احمد حسان نے حلقہ این اے 126کی جانب سے 95لاکھ روپے کا چیک چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں دیا-گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور گجرات کے تاجروں نے 2کروڑ 76لاکھ روپے کے چیک چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں دئیے جبکہ پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشدنے ننکانہ صاحب کے شہریوں کی جانب سے 50لاکھ روپے ، ایم پی اے ماجد ظہور نے صوبائی حلقہ 140کے کارکنوں کی جانب سے 20لاکھ اور سیالکوٹ کے ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد اقبال ہرنہ نے 21لاکھ روپے مالیت کے چیک وزیراعلی ریلیف فنڈ میں دئیے،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد ایک عبادت سے کم نہیں -مخیر حضرات کا نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا لائق تحسین ہے -مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے والوں کے جذبہ ایثار کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے-انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائیوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے ہیں-وہ پاکستان کے امن کے لئے گرمی کی شدت اور مشکلات برداشت کر رہے ہیں -مشکل میں گھرے بہن بھائیو ں کی مددہر پاکستانی کا قو می اوردینی فریضہ ہے -پنجاب حکومت بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد او ربحالی کے لئے بھر پور تعاون جاری رکھے گی -انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت 70 سے زائد ٹرکوں پر مشتمل کروڑوں روپے کی امدادی اشیاء آئی ڈی پیز کے لئے بنوں بھجوا چکی ہے -بے گھر افرادکے مویشیوں کے لئے چارے کے 40ٹرک بنوں بھجوائے گئے ہیں -سلائی مشینیں اور دیگر ضروری سامان بھی آئی ڈی پیز کے لئے بھجوایا گیاہے -انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے بے گھر ہونے والے خاندانوں کو 7ہزار روپے فی خاندان مالی امداد بھی دی ہے -انہوں نے کہاکہ پنجاب کی حکومت اور عوام بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں بھی شامل کرے گی -بے گھر ہونے والے خاندانوں میں عید کے پر مسرت موقع پر عید کے تحائف بھی تقسیم کئے جائیں گے-انہو ں نے کہاکہ پنجاب حکومت آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے وسائل کی کمی نہیں آنے دے گی-مشکل کی گھڑی میں آئی ڈی پیز کی جتنی بھی مدد کی جائے کم ہے - معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھے او راپنے مصیبت زدہ بہن بھائیو ں کی دل کھول کر مدد کرے -انہو ں نے کہاکہ شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے لوگ عظیم پاکستانی ہیں ،زندگی کے مشکل وقت میں ہماری بھر پور مدد کے منتظر ہیں-وقت کا تقاضا ہے کہ صاحب ثروت حضرات آگے بڑھ کر بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کا ہاتھ تھام لیں-حکومت پنجاب مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی -ایک ایک پائی امانت سمجھ کر دیانتداری سے حقداروں تک پہنچائیں گے ،چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں عطیات دینے والوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف میں عوام کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھراہواہے-پنجاب حکومت تمام صوبوں سے پہلے متاثرین کی مدد کے لئے پہنچی ،متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان ،ریلیف او رمالی امداد تقسیم کر کے پہل کی- انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی کارکردگی متاثرکن ہے اور وہ ایک درد دل رکھنے والے انسان ہیں-صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن ، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حاجی ناصر محمود ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، فیصل آباد ، گجرات اور ننکانہ صاحب کے ڈی سی اوز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔