بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے 209 ہونہار طالب علموں میں وظائف تقسیم کئے گئے

پیر 21 جولائی 2014 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی۔2014ء ) بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے ذہین اور محنتی طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے یونیورسٹی وظیفہ اور میرٹ اسکالر شپ پروگرام کا آغاز تین برس قبل کیا گیا تھا ۔ اس سمسٹر میں یونیورسٹی کے 570 طلبہ و طالبات میں سے 209 ذہین اور ہونہار طالب علموں میں وظائف تقسیم کیے گئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 3 برسوں سے ہر سمسٹر کے آخر میں ہونہار طالب علموں کو فی سمسٹر 8 ہزار روپے دیئے جاتے ہیں اور اس عرصے کے دوران ایسے 209 طالب علموں کو وظیفہ دیا گیا ہے جن کی حاضری 80 فیصد اور تمام مضامین میں پاس تھے ۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی ہر حال میں اپنے ہونہار اور ذہین طالب علموں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی تاکہ وہ مالی مسائل سے بے فکر ہو کر اپنی تعلیم جاری و ساری رکھ سکیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رشید احمد شاہ نے مزید کہا کہ ہائر ایجوکیشن کے تحت اگلے سال سے اسکالر شپ پروگرام کی منظوری دی گئی ہے تاکہ ذہین طالب علموں کی مزید حوصلہ افزائی ہوسکے اور وہ اپنی تمام تر توجہ اپنی تعلیم کے حصول کے لئے وقف کرسکیں ۔وائس چانسلر نے طلبہ کے والدین کی تعریف کی جو یونیورسٹی سے تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں مکمل تعاون کررہے ہیں اور اپنے بچوں کی تعلیمی ترقی میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے لیاری کے معزز شہریوں کی بھی تعریف کی کہ وہ یونیورسٹی کو اپنا ادارہ سمجھ کر انتظامیہ سے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ اس کا واحد ثبوت یہ ہے کہ لیاری میں ہنگامہ آرائی ہورہی تھی تو یونیورسٹی میں مکمل امن رہا اور ناپسندیدہ عناصر کو یونیورسٹی میں آنے نہیں دیاگیا ۔

متعلقہ عنوان :