کراچی ،فلسطین ایکشن کمیٹی کے تحت چھوٹے بچوں کا احتجاجی مظاہرہ

بدھ 23 جولائی 2014 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) غزہ کے معصوم بچے آج کسی صلاح الدین ایوبی اور محمد بن قاسم کو پکار رہے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں۔ مسلم حکمرانوں نے اسرائیل کو تحفظ فراہم کیا تو تاریخ اُنہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جمعہ کو فلسطین ایکشن کمیٹی کے تحت غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی بربریت اور مظالم کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا۔

یہ بات فلسطین ایکشن کمیٹی کے صدر سید صلاح الدین نے فلسطین ایکشن کمیٹی کے تحت بچوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نائب صدر صبغت اللہ اور جنرل سیکریٹری قاسم جمال اور چھوٹے بچوں کے نمائندے محمد سیمان خان، سمیع عبید، عفان علیان، مرزا منہاج بیگ اور وجیہ الحسن نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سید صلاح الدین نے کہا کہ اسرائیلی بچوں نے غزہ کو معصوم بچوں کا مذبح خانہ بنایا ہوا ہے۔

اور معصوم بچوں کو قتل کیا جارہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے قتل کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں۔ او آئی سی ڈھکوسلہ ثابت ہوئی ہے اور اقوام متحدہ امریکہ کی لونڈی کا کردار ادا کررہی ہے۔ فلسطین ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری قاسم جمال نے کہا کہ مسلم دنیا کے بزدل حکمران غزہ کے معصوم بچوں کے قاتل ہیں۔ مسلمان مغربی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔

صبغت ا للہ نے کہا کہ جب تک مسلمان آپس میں متحد نہیں ہونگے اسلام دشمن قوتیں اُن کے خون سے ہولی کھیلتے رہیں گے۔ معصوم بچہ محمد سیمان خان نے کہا کہ پاکستان کے بچے اسرائیلی بربریت کے خلاف غزہ کے معصوم بچوں کے ساتھ ہیں۔ عفان علیان نے کہا کہ پاکستان میں ملالہ یوسف زئی پر حملے کا پوری دنیا میں شور مچانے والے آج غزہ کے مظلوم معصوم بچوں کے قتل عام پر خاموش کیوں ہیں۔

مرزا منہاج بیگ نے کہا کہ حکومت ہمیں اجازت دے ہم غزہ کے معصوم بچوں کو اسرائیلی بربریت سے بچائیں گے۔ وجیہ الحسن نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں کے قتل پر انسانیت کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ سیدہ زینب نے کہا کہ دنیا کے مسلم حکمراں غزہ کے معصوم بچوں کی جان بچائیں اور اسرائیل کو لگام دی جائے۔ معصوم بچوں نے اعلان کیا کہ وہ جمعہ کو فلسطین ایکشن کمیٹی کے تحت ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :