پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام درس قرآن

جمعہ 25 جولائی 2014 18:00

لاہور(‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء ) پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام درس قرآن کا انعقادکیا گیا جس میں چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی نے ”توبہ استغفار اور مسائل فطرانہ و عید الفطر“ کے حوالے سے بیان کیا۔ اس موقع پر چیف لائبیریرین چوہدری محمد حنیف کے علاوہ لائبریرینز،طلباؤ طالبات اور لائبریری کے ملازمین نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر سعد صدیقی نے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ گناہ ایک سنگین و مہلک ترین روحانی مرض ہے، اللہ کی نافرمانی اور گناہ وہ مضر شے ہے جس سے انسان کے قلب میں زنگ لگ جاتا ہے اور قلب سیا ہ ہو جاتا ہے جس کا بہترین علاج اور تریاق توبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ انسان خطا و نسیان کا پتلا ہے، غلطی اور گناہ کرنا اس کی جبلت میں داخل ہے ، مگر بہترین انسان وہ ہے جو اپنے گناہوں پر ندامت کے ساتھ آنسو بہائے اور اپنے کئے پر اللہ تعالیٰ سے رجوع کرے ، معافی مانگے اور آئندہ گناہ نہ کرنے کا عزم کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توبہ دراصل تین چیزوں کا مجموعہ ہے ، ایک یہ کہ جو گناہ سرزد ہو جائے اس پر دل سے ندامت و شرمندگی اور پشیمانی ہو، دوسرے یہ کہ جو گناہ ہوا سے فوراً چھوڑ دے اور تیسرے یہ کہ آئندہ گناہ نہ کرنے کا مضبوط ارادہ کر لے ، انہی تینوں چیزوں کے مکمل ہونے پر توبہ تکمیل تک پہنچتی ہے۔ اپنے خطاب میں چوہدری محمد حنیف نے پروفیسر ڈاکٹر سعد صدیقی کا شکریہ اداکیا ۔ درس قرآن کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لئے کے لئے دعا مانگی گئی۔

متعلقہ عنوان :