ترک خواتین کا عوامی مقامات پر قہقہے نہ لگانے کی بات ماننے سے انکار

اتوار 3 اگست 2014 14:48

ترک خواتین کا عوامی مقامات پر قہقہے نہ لگانے کی بات ماننے سے انکار

انقرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اگست 2014ء)ترک نائب وزیراعظم بلند آرنک نے ترک عورتوں کو نصیحت کی ہے کہ وہ سرعام قہقہے لگاکر ہنسنے سے پرہیز کریں لیکن اس نصیحت کا اثر کچھ زیادہ ہی الٹا ہوگیا۔ ترک خواتین نے وزیر کی بات کو اپنے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا اور اسے بے جا پابندی سے تعبیر کیا۔ اس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے ٹوئٹر پر اپنے قہقہوں کی تصاویر بھیجنا شروع کردیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق اکانٹس پر بے شمار تصاویر موصول ہورہی ہیں۔ وزیرموصوف کے سیاسی مخالفین نے بھی انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں وسعت نظری کا ثبوت دینا چاہیے اور اخلاقیات کے نام پر عورتوں کی زندگی میں مداخلت نہیں کرنا چاہیے۔ سیاستدانوں کے علاوہ عام ترک مردوں نے بھی عورتوں کے موقف کی بھرپور حمایت کی ہے اور سارے ملک کی عورتوں کو سبق پڑھانے سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے