چین کی حکومت دو سو کے قریب میٹھے پانی کے کچھوؤں کو پاکستان کے حوالے کریگی،

کچھوے صوبہ سندھ سے سمگل کیے گئے تھے ،فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کئی روز معاملہ زیر التوارہا

جمعہ 8 اگست 2014 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اگست 2014ء) چین کی حکومت دو سو کے قریب میٹھے پانی کے کچھووں کو پاکستان کے حوالے کرے گی۔ یہ کچھوے صوبہ سندھ سے سمگل کیے گئے تھے۔محکمہ جنگلی حیات کے چیف کنزرویٹر جاوید مہر نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ رواں سال جولائی میں چین کے سرحدی شہر کاشغر میں ایک ڈرائیور نے اپنے چینی کسٹم حکام کو بتایا کہ اس کی گاڑی میں کوئی مشکوک سامان موجود ہے جس کی تلاشی کے دوران میٹھے پانی کے دوسو کے قریب کچھوے زندہ حالات میں برآمد کیے گئے اس برآمدگی کے بعد چینی حکام نے ایک چینی شہری کو گرفتار کیا جس کی نشاندہی پر دو پاکستانی شہریوں کو بھی حراست میں لیا گیا جن میں سے ایک کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ دوسرج ہنزہ کا رہائشی ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق یہ کچھوے ماحول کے بقا کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی ادارے آئی یو سی این کی معدوم ہونے والی حیات کی سرخ فہرست میں شامل ہیں اور چین میں بھی یہ پہلی کیٹگری میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

جنگلی اور آبی حیات بین الاقوامی کنونشن کے مطابق سمگلنگ کے دوران ضبط کی گئی جنگلی اور آبی حیات کو اپنے ہی علاقوں میں چھوڑنا لازمی ہے جس کے لیے چین کی حکومت نے پاکستان کو آگاہ کیا۔

فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کئی روز یہ معاملہ زیر التوا رہا بالآخر سندھ حکومت نے تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے اور اب 18 سے 20 اگست کے دوران یہ کچھوے خنجراب کے مقام پر سندھ حکومت کے حوالے کیے جائیں گے۔محکمہ جنگلی حیات کے چیف کنزرویٹر جاوید مہر کے مطابق عام طور پر اس کچھوے کا گوشت بیرون ملک سمگل کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :