تھانہ حجرہ شاہ مقیم کی پولیس وین پر حملہ ، ڈاکٹر طاہر القادری سمیت 40افراد کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

اتوار 10 اگست 2014 20:50

حجرہ شاہ مقیم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) تھانہ حجرہ شاہ مقیم کی پولیس وین پر حملہ کی پاداش میں ڈاکٹر طاہر القادری سمیت چالیس افراد کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج،عومی تحریک کے کارکنوں نے پولیس ملازمین کو اغواء کر کے تشدد کیا،وردیاں پھاڑ دیں،اسلحہ اور وائر لیس سیٹ چھین لیے،وین کے ٹائر برسٹ کر دیئے ،مقدمہ میں 14افراد نامز اور پچیس نامعلوم ہیں ،ڈاکٹر طاہر القادری کی گرفتاری کے لئے جلد پولیس پارٹی حجرہ شاہ مقیم سے لاہور روانہ ہو رہی ہے،ایس ایچ او تھانہ حجرہ شاہد بھٹہ کی پریس کانفرنس۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ حجرہ محمد شاہد بھٹہ نے گزشتہ روز حجرہ پریس کلب رجسٹرڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ حجرہ شاہ مقیم کی پولیس پارٹی میری سربراہی میں امن و عامہ کی صورتحال کو بہتر بنانے کی خاطر گشت پر تھی کہ دیپالپور کے قریب اوکاڑہ روڑ پر پاکستان عوامی تحریک کے مشتعل کارکنوں نے پولیس وین کوزبردستی روک لیااور پولیس ملازمین کو اغواء کر کے تشدد کیا،وردیاں پھاڑ دیں،اسلحہ اور وائر لیس سیٹ چھین لیے،وین کے ٹائر برسٹ کر دیئے یہ سب ڈاکٹر طاہر القادری کے ایماء پر کیا گیا جس پر ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف دہشتگردی سمیت دیگر سخت ترین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جس میں نامزد کارکنوں میں تصدق حسین،مظہر سلیم،حاجی مشتاق،فلک شیر،رحمت حسین،جمیل،شہباز،اشرف،ملک عالم شیر،عامر،غلام صابر،ملک محمد یاسین شاہل ہیں جبکہ پچیس نامعلوم افراد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے،ایس ایچ او تھانہ حجرہ شاہد بھٹہ نے کہا ہے کہ وہ پولیس پارٹی کے ہمراہ جلد لاہور روانہ ہو رہے ہیں اور ڈاکٹر طاہر القادری کو گرفتار کر کے لایا جائے گا جبکہ دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔