برطانیہ اور یورپی یونین پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ ہیں،فلپ برٹن

منگل 12 اگست 2014 23:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء) پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنرفلپ برٹن نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ ہیں،برطانیہ پاکستان میں جمہوریت کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور سابق حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت کو مکمل کیا ہے، تمام سفارتی برادری وزیر اعظم نوازشریف اور وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے وژن 2025 ء تقریب کے موقع پر کی گئی تقاریر میں پیش کردہ وژن سے نہایت متاثر ہوئی ہے۔

منگل کے روز برطانوی ہائی کمشنرفلپ برٹن نے کنٹری ہیڈ ڈیپارٹمنٹ فار انٹر نیشنل ڈیویلپمنٹ (دی ایف آئی ڈی ) رچرڈ منٹگیمری کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ میں ایک خصوصی ملاقات کی ۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنرفلپ برٹن نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں جمہوریت کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور سابق حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت کو مکمل کیا ہے، انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ اور یورپی یونین پاکستان میں جہوریت کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ تمام سفارتی برادری وزیر اعظم نوازشریف اور وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے وژن 2025 ء تقریب کے موقع پر کی گئی تقاریر میں پیش کردہ وژن سے نہایت متاثر ہوئی ہے۔اس موقع پر وزیرخزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ موجودہ حکومت جمہوریت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور پاکستان میں انتخابات یو این ڈی پی، فافن اور دیگر بین الاقوامی مبصرین کی تسلی کے عین مطابق ہوئے ہیں جنہوں نے نہ صرف ان انتخابات کی بھرپور نگرانی کی بلکہ ان کو پاکستان کی تاریخ مین ہونے والے شفاف ترین انتخابات قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 یوم میں پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کے 3 اجلاس ہوئے ہیں اور جہاں جہاں بھی ضرورت محسوس ہوئی وہاں ان اصلاحات پر غور کیا جائے گا کہ نظام کو مذید شفاف بنایا جا سکے۔انہوں نے موجودہ غیر جمہوری صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا کہ جس کے باعث کیپیٹل مارکیٹ اور شرح تبادلہ پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوئے ۔

اس موقع پربرطانوی ہائی کمشنرفلپ برٹن کے ہمراہ آئے ہوئے کنٹری ہیڈ ڈیپارٹمنٹ فار انٹر نیشنل ڈیویلپمنٹ (دی ایف آئی ڈی ) رچرڈ منٹگیمری نے بھی وزیر خزانہ سے برطانیہ کی جانب سے پاکستان کی امداد سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے وزیر خزانہ سے برطانوی سیکریٹری آف سٹیٹ برائے بین الا قوامی ترقی کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے متعلقہ معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :