مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے امت مسلمہ کااتحاد انتہائی ضروری ہے،علامہ السید عقیل انجم قادری

منگل 19 اگست 2014 17:39

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔2014ء) مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے امت مسلمہ کااتحاد انتہائی ضروری ہے، اس سلسلے میں برادراسلامی ملک ایران کی کوششیں قابل تحسین ہیں، غزہ کے مسلمانوں سے ہمارادینی ملی اور روحانی رشتہ ہے، یہ باتیں جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ السید عقیل انجم قادری نے تہران میں ایرانی تنظیم فرزندان روح اللہ کی دعوت پرایران کے دورے کے دوران مختلف سیمینارزاور لیکچرز سے خطاب میں کہیں،واضح رہے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ ڈاکٹر ممتازاحمدہاشمی، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری پیرنصیراحمداویسی، مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹریونس دانش، صوبہ پنجاب کے صدر پیرسیدعاشق حسین بخاری، جنرل سیکریٹری محمدایوب ایڈوکیٹ،صوبہ بلوچستان کے جنرل سیکریٹری سیدمومن شاہ جیلانی، نائب صدورمولانافدااحمدنعیمی،مولاناغلام مرتضیٰ قادری،جوائنٹ سیکریٹری سندھ ناظم علی آرائیں ،جے یوپی کراچی کے سینئرنائب صدر مفتی رفیع الرحمٰن نورانی، سیکریٹری اطلاعات محمدشکیل قاسمی،مولاناصاحبزادہ افتخاراحمدعباسی، صاحبزادہ میاں منیراحمدسہروردی، پیرسیدضیاء القاسمی مشہدی،حافظ لیاقت مظہر،یوتھ ونگ کے صوبائی ناظمین محمدمرتضیٰ نورانی، محمدسعد خان پر مشتمل 18رکنی اعلیٰ سطحی وفد ایران کے دورے پر ہے،میزبان تنظیم فرزندان روح اللہ کے ذمہ داران نے وفد کے اراکین کوتہران میں نیشنل لائبریری، دفاع مقدس میوزیم، دنیاکے چھٹے سب سے اونچے ٹاور،مقدس اسکوائر(زیرزمین ریلوے)،جماران(امام خمینی کی رہائش گاہ)اورتفریحی مقامات کی سیرکرائی۔

(جاری ہے)

جے یوپی کے وفدنے تہران میں مختلف سیمینارزاور لیکچرز میں بھی شرکت اور خطابات کئے،ایران میں مجلس خبرگان کے رکن اور مجموعہء تقریب بین لمذاہب الاسلامیہ کے نائب صدر مولوی اسحٰق مدنی نے بھی وفد سے خطاب کیا۔جے یوپی کے رہنماؤں نے اپنے خطابات میں اتحادبین المسلمین پر زوردیتے ہوئے کہاکہ فلسطین کا مسئلہ مسلمانوں کے دل پر بوجھ ہے، جب تک اسرائیل ارض فلسطین سے بیدخل نہیں ہوجاتااور قبلہء اول کو آزادی نہیں مل جاتی مسلم امہ چین سے نہیں بیٹھ سکتی،انہوں نے کہاکہ ایران کی جانب سے مسئلہء فلسطین کو دنیابھرمیں اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہیں اور اتحادعالم اسلام کی راہ میں برادراسلامی ملک ایران کے شانہ بشانہ ہیں۔

ایرانی زعماء اور علماء نے جے یوپی کے جذبہء خیرسگالی کو سراہااوردنیابھرمیں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم سے نجات اور مسلم امہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے مل کر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :