سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی

اجلاس میںسعودی وژن2030کے اقدامات اور اشاریوں میں بہتری کے ساتھ اہداف کی بھی تعریف

بدھ 1 مئی 2024 18:14

سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون کے معاہدے کی ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) سعودی عرب کے ولی عہد ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں مقامی امور سے متعلق متعدد رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس موقعے پر متعدد معاہدوں کی سرکاری سطح پر منظوری دی گئی جن میں پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں اور سعودی عرب کے اسٹیٹ سکیورٹی ادارے کے درمیان دو طرفہ تعاون کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میںسعودی وژن 2030" کے اقدامات اور اشاریوں میں بہتری کے ساتھ اہداف کی بھی تعریف کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وژن 2030 کے شروع کئے جانے کے آٹھویں سال میں مختلف سطحوں پر کامیابیاں حاصل کیں جن میں تعلیم، صحت، رہائش اور بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنا، قومی معیشت کے تنوع کی رفتار کو تیز کرنا، امید افزا شعبے کی ترقی، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے علاوہ سب کے لیے معیار زندگی کو بہتر بنانا جیسے شعبوں میں وضع کردہ اہداف پورے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں وزرا کونسل نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے مندرجات کی تعریف کی، جس کی میزبانی سعودی عرب نے حال ہی میںبین الاقوامی تعاون، نمو، اور ترقی کے لیے توانائی" کے عنوان سے کی تھی۔کونسل نے مدینہ منورہ میں منعقدہ عمرہ اور وزٹیشن فورم کے مندرجات پر بھی غور کیا جس کا مقصد مستقبل کے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرکے ضیوف الرحمان کے سفر کو نئے افق تک پہنچانے میں معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں عبادات اور مناسک کی ادائی میں آسانی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

کابینہ کو سیاسی اور اقتصادی تعاون کے شعبوں کو وسعت دینے کے لیے دو طرفہ اور کثیر جہتی سطحوں پر مملکت اور مختلف ممالک کے درمیان گذشتہ دنوں ہونے والے مجموعی مذاکرات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔بین الاقوامی سطح پر کابینہ کے حالیہ اجلاس میں مملکت کی طرف سے برادر اور دوست ممالک کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں جنگ روکنے اور جنگ سیمتاثرہ شہریوں کو امداد کی فراہمی کے لیے کی گئی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزرا کونسل نے سعودی عرب میں پریزیڈنسی آف اسٹیٹ سکیورٹی اور اسلامی جمہوریہ پاکستان میں جنرل انٹیلی جنس سروس کے درمیان دہشت گردی کے جرائم اور اس کی مالی معاونت سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دی۔ اسی طرح سعودی عرب میں انسداد بدعنوانی کے ادارے اور بھارتی انسداد بدعنوانی اتھارٹی کے درمیان تعاون کی بھی منظوری دی گئی۔