پاکستانی صحافی کے لیے صحافت کا عالمی اعزاز

ہفتہ 23 اگست 2014 14:14

پاکستانی صحافی کے لیے صحافت کا عالمی اعزاز

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اگست۔2014ء )پاکستانی صحافی عاصمہ شیرازی نے رواں برس کے لیے پیٹر ماکلیر ایوارڈ برائے جر ات مندانہ اور اخلاقی صحافت جیت لیا ،پیٹر ماکلیر ایوارڈ کی پراجیکٹ ڈائریکٹر کامیل ماکلیر نے گذشتہ روز واشنگٹن میں عاصمہ شیرازی کے لیے اس اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ محترمہ شیرازی نے اپنے کیریئر میں ہر دِن صحافت کی اخلاقیات کے لیے جو حوصلہ اور جذبہ دکھایا ہے، اسے تسلیم کرتے ہوئے ہم انتہائی پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عاصمہ شیرازی نے پاکستان بھر میں تعصب سے پاک اور غیر جانبدار معلومات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا اور جان سے مارے جانے کی دھمکیوں کی بھی پروا نہ کی۔“یہ ایوارڈ ہفتہ کو و واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں عاصمہ شیرازی کو دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

امریکا میں میڈیا واچ ڈاگ رپورٹرز وِد آوٴٹ بارڈرز کی ڈائریکٹر ڈیلفین ہالگینڈ کا کہنا ہے کہ شیرازی کو دیا گیا ایوارڈ ان لوگوں کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو پاکستان میں معلومات تک آزاد رسائی کے لیے لڑ رہے ہیں۔

“انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں 2013ء میں سات صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔شمالی امریکا کے لیے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ڈائریکٹر ڈیوڈ ملیکین نے بھی کہا ہے کہ خطرات کے باوجود پاکستان میں تنازعات اور سیاسی امور کی رپورٹنگ کے لیے عاصمہ شیرازی نے عظیم حوصلہ اور ثابت قدمی دکھائی جسے تسلیم کیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عاصمہ شیرازی نے جن تنازعات پر رپورٹنگ کی ان میں 2006ء کی اسرائیل۔لبنان جنگ، 2009ء میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر طالبان کی پرتشدد کارروائیاں اور 2007ء میں پاکستان کے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے نافذ کی گئی ایمرجنسی شامل ہے۔وہ دو معروف ٹیلی وڑن ٹاک شوز کی میزبان بھی رہی ہیں جن میں سے ایک پارلیمانی امور پر تھا جس پر مشرف نے اپنے دَور حکومت میں اس وقت پابندی لگا دی تھی جب انہوں نے خبروں کی آزاد کوریج پر قدغن لگائی۔

پیٹر ماکلیر ایوارڈ 2008ء سے ہر سال دیا جا رہا ہے اور شیرازی یہ اعزاز پانے والی پہلی پاکستانی اور دوسری خاتون صحافی ہیں۔ 2011ء میں یہ ایوارڈ ہنڈوراس کی ریڈیو نیوز ایڈیٹر کارلا ریواس کو دیا گیا تھا۔یہ ایوارڈ اے ایف پی کے مرحوم صحافی پیٹر ماکلیر کی یاد میں دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کے منتظمین میں گلوبل میڈیا فورم، اے ایف پی اور رپورٹرز وِد آوٴٹ بارڈرز شامل ہیں۔ خیال رہے کہ رپورٹرز وِد آوٴٹ بارڈرز کی جانب سے جاری کیے گئے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں 180ملکوں میں پاکستان 158ویں نمبر پر ہے۔