پاکستان اسٹیل کی صورتحال عمومی نہیں بلکہ خصوصی توجہ کی متقاضی ہے،ظہیر احمد خان

پیر 25 اگست 2014 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجرجنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل کی صورتحال عمومی نہیں بلکہ خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔ حکومت کی جانب سے 18 ارب 50 کروڑ روپے کے مالیاتی پیکیج کے تحت مقررہ اہداف کو حاصل کرنا ، ماہ اگست 2014 ء میں 30 فیصد پیداوار ، بتدریج ہر مہینے 10 فیصد اضافہ کے ساتھ پیداوار ی ہدف حاصل کرتے ہوئے جنوری2015 ء تک 77 فیصد پیداواری ہدف حاصل کرنا شامل ہے ، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اسٹیل اہداف کے حصول کیلئے دُور رس حکمت عملی پر گامزن ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقررہ اوقاتِ کار کی پابندی، نظم و ضبط، مستعدی، ایمانداری اور دیانتداری کے ذریعے مقررہ پیداواری اہداف حاصل کرنے کے لئے اپنی کاوشیں تیز کریں۔

(جاری ہے)

افسروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او نے کہا کہ آپ لوگوں نے اپنے عمل اور اپنے روّیوں میں مثبت تبدیلی کا مظاہرہ کیا ہے جو خوش آئند ہے اس کی بدولت پیداواری سرگرمیوں میں روز افزوں اضافہ ہوگا ۔

پیداواری سرگرمیوں میں اضافے کے لئے ہمہ وقت مصروف پاکستان اسٹیل کے افسران اور کارکنان باصلاحیت اور تجربہ کار ہیں ۔ آپ پلانٹ کی فوری مرمت و دیکھ بھال کے کاموں پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ پیداواری یونٹس کو زیادہ سے زیادہ فعال بنایا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقاعدگی اور نظم و ضبط کے ذریعے کام کے ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے۔ غیر حاضری اور عادتاً طبّی چھٹیوں کے علاوہ اِدھر اُدھر گھومنے پھرنے کو ترک کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تفویض کردہ کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے میں پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ترقی کا رازپنہاں ہے جو نہ صرف آپ کے لئے بلکہ پاکستان اسٹیل اور ملک کی معیشت کے لئے بہتر ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹیل نے کہا کہ پروڈکشن ڈائریکٹوریٹ میں کام کرنے والے انجینئروں اور ہنرمندوں کو مقررہ پیداواری اہداف کے حصول کے لئے شب و روز انتھک محنت کرنا ہوگی اور کمرشل ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور کارکنان پاکستان اسٹیل کی بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی فروخت میں شفاف پالیسی کے مطابق تندہی سے کام کریں تاکہ خام مال درآمد کے حصول کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کے پروکیورمنٹ اور کمرشل ڈائریکٹوریٹ پیداواری اہداف کو حاصل کرنے کے لئے پروڈکشن اور ٹیکنیکل سروسز ڈائریکٹوریٹ کو مقررہ پیداواری اہداف حاصل کرنے میں اپنی مکمل مدد اور اعانت جاری رکھیں ۔ جبکہ فنانس اور ایڈمنسٹریشن کی خدمات عمومی حالا ت کے لحاظ سے نہیں بلکہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملی اقدامات کویقینی بنائیں۔

آخر میں پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ ادارے کے ملازمین پاکستان اسٹیل کے اعلیٰ ترین مفاد میں سستی، کاہلی اور غفلت سے گریز کریں ۔ ادارے میں بدعنوانی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور بدانتظامی کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف ملک کے قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور یہ عناصر جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پیداواری یونٹس کی مرمت کے کاموں کو دانستہ یا غیردانستہ طور پر نظر انداز کیا جاتارہا لیکن موجودہ انتظامیہ نے اِن کارخانوں کی فوری مرمت کے کاموں کا آغاز کردیا ہے اور پیداواری اہداف کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مشترکہ جدوجہد سے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں نہ صرف کامیاب ہوں گے بلکہ پاکستان اسٹیل دوبارہ اپنے پاؤوں پر کھڑا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :