انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات ہمارا بھی مطالبہ ہے،قمرزمان کائرہ

پیر 25 اگست 2014 21:46

انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات ہمارا بھی مطالبہ ہے،قمرزمان کائرہ

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات ہمارا بھی مطالبہ ہے،انتخابی اصلاحات اور الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی بھی اشد ضرورت ہے،سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر عدالتی حکم کے مطابق درج کی جائے،پاکستان پیپلزپارٹی نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے جو عمران خان اور طاہر القادری سے ملاقات کرکے مسائل کا حل نکالے گی۔

کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے،احتجاج کے حق پر کوئی قدغن نہیں لگنی چاہئے،حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے،6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا صرف دعویٰ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج ہمارے کل کیلئے قربانیاں دے رہی ہے اور متاثرین ہمارے مستقبل کیلئے آج اپنے گھروں سے باہر ہیں،قوم فوج اور متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اجلاس میں ملک میں موجودہ سیاسی بحران پر بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی کی ایک پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے گی جو عوامی تحریک اور تحریک انصاف سمیت وفاقی حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی اور ثالثی کی کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل جمہوری نظام کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے،غیر آئینی کام ہوا تو ملک کو نقصان ہوگا اور پھر جمہوریت کو ایک نیا راستہ اختیار کرنا پڑے گا ہم کسی بھی غیر آئینی اقدام کو کسی صورت قبول پاس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بھی مذمت کی گئی اور یہ کہا گیا کہ اس پر عدالتی حکم کے مطابق ایف آئی ار درج کی جائے۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات پہلے بھی لگائے جاتے رہے ہیں اور پیپلزپارٹی نے بھی انتخابی نتائج کو جمہوریت کے لئے تسلیم کیا ہے،دھاندلی کی تحقیقات ہمارا بھی مطالبہ ہے اور ہمارے بھی وہی تحفظات ہیں جو عمران خان کے ہیں،دھاندلی کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات اور الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی بھی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس سے قبل عوام کی رائے بھرپور طریقے سے نہیں جانچی جاسکی امید ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی اپنا کام وقت پر کرے گی،انہوں نے کہا کہ حکومت دینے والا ہاتھ ہوتی ہے امید ہے حکومت لچک کا مظاہرہ کرے گی۔۔