وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا اقتصادی سفارت کاری اور بیرون ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کی ضرورت پر زور

ہفتہ 27 اپریل 2024 18:14

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا اقتصادی سفارت کاری اور بیرون ممالک کے ساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی سفارت کاری کو بڑھانے اور بیرون ممالک کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کیلئے بیرون ملک پاکستانی مشنز کے ذریعے کی جانے والی مارکیٹنگ کو بہتر بنانے کی کوششوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مشنز کے سربراہان کے ساتھ آن لائن اجلاس کی صدارت کی۔

سیکرٹری ایوی ایشن / ڈی جی سی اے اے نے اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ ترکیہ، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، قطر، فرانس ، سپین، جرمنی، کویت، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ میں مشن کے سربراہان کی مشترکہ کوششوں سے معروف ہوائی اڈ ہ آپریٹرز کے مفادات کو تقویت ملی ہے اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بولی میں مثبت دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ کو بتایا گیا کہ غیر ملکی ایئر پورٹ آپریٹرز کی یہ دلچسپی معاشی استحکام اور پاکستان میں سیاسی استحکام میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی گواہی دیتی ہے۔ آن لائن سیشن کے بعد ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا 9واں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ایوی ایشن/ڈی جی سی اے اے، سیکرٹری قانون و انصاف، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ امور (ایم ای)، ایڈیشنل سیکرٹری بی او آئی، ڈی جی اے ایس ایف، ڈی جی اے این ایف نے بھی شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے (امیگریشن)، پاکستان کسٹمز کے سینئر افسر اور آئی ایف سی ٹیم کے ارکان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ آئی ایف سی نے پیش رفت کی جائزہ رپورٹ پیش کی اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ غیر ملکی سرمایہ کار اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بولی کے عمل میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں اور ایک صحت مند مقابلے کی توقع ہے۔

فورم نے ہوائی اڈوں پر خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی کنسلٹنٹس کے ذریعے کام کرنے والے کلیدی کارکردگی کے اشارے (KPI's) اور سروس ڈیلیوری کے معیارات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سرکاری اداروں کے سربراہان کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کے بغیر کسی رکاوٹ کے بہترین سفری سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے سروس ڈیلیوری کے معیارات کی پابندی اور ان پر عمل کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔وزیر خارجہ نے آئی ایف سی پر زور دیا کہ وہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مقررہ مدت میں مطلوبہ اقدامات کو تیز اور مکمل کرے۔