رزلٹ کی خاطر نہ کسی طالب علم کو خارج کیا جائے اور نہ ہی اس کا داخلہ روکا جائے،ای ڈی او ایجوکیشن بھکر

منگل 26 اگست 2014 19:51

بھکر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اگست 2014ء)رزلٹ کی خاطر نہ کسی طالب علم کو خارج کیا جائے اور نہ ہی اس کا داخلہ روکا جائے حکومتی گائیڈ لائن میں اساتذہ ،فرنیچر اور اب منسٹریل سٹاف کی ریشنلائزیشن کا عمل شفاف انداز میں مکمل کرلیا گیا ہے سکولوں میں بچوں کو جسمانی دینے سے گریز کیا جائے یہ بات ای ڈی او ایجوکیشن میاں محمد اسماعیل اور ڈی ای او سکینڈری رانا محمد شبیر خان نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول بھکر میں ضلع کے زنانہ/مردانہ ہائی و ہائیر سکینڈری سکول کے سربراہان کی ماہانہ میٹنگ سے خطاب میں کہی اس موقع پرڈی ٹی ایس سی ہیڈ ملک فیروز حسین کھیمٹہ اور سکولوں کے سربراہان موجود تھے انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اگست سے باقادہ طور پر سکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے اس لیے تمام سکولوں کے سربراہ مقررہ وقت سے دس منٹ پہلے سکولوں میں اپنی حاضری کویقینی بنائیں انھوں نے کہا ہے کہ کوئی ٹیچر ایمر جنسی کی صورت میں سربراہ ادارہ سے اجازت لے کر موومنٹ رجسٹر میں اندراج کرکے جائے۔

(جاری ہے)

اور اساتذہ اور طلباء کی 95%حاضری کو یقینی بنایا جائے جبکہ اسمبلی میں بچوں کی یونیفارم جسمانی صفائی ( بالوں اور ناخنوں کی مناسب ترا ش خراش) کو خصوصی طور پر چیک کیاجائے۔ اور روزانہ اخلاقی درس کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ عادی غیر حاضر اور بھگوڑے طلباء کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرکے والدین سے رابطہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ سکولوں میں جسمانی سزا سے مکمل طور پر اجتناب کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری (زنانہ / مردانہ) سکولوں میں گیٹ کیپر مخصوص یونیفارم میں میٹل ڈیٹکٹر اور سیٹی کے ساتھ موجود ہو ۔اور ہر آنے جانے والے کا ریکارڈ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ قابل مرمت فرنیچر مرمّت کر کے استعمال میں لایا جائے اور ناقابل ِ مرمّت فرنیچر حسبِ ضابطہ نیلام کردیا جائے۔

کوئی کمرہ جماعت سٹور کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔انہوں نے سربراہان ادارہ کو تاکید کی کہ سکول کونسلز کو فعا ل بنایاجائے ۔جس کا نوٹیفیکیشن دو سال تک قابل عمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی لیب اور سائنس لیب کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یو پی ای اور یو ایس ای پروگرام کے تحت بچوں کا داخلہ100%یقینی بنایا جائے انہوں نے سربراہان ادارہ کو ہدایت کی کہ رزلٹ کی خاطر نہ کسی طالب علم کو خارج کیاجائے اور نہ ہی اُن کا داخلہ روکا جائے ۔