وزیراعلیٰ کی لکشمی چوک آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی،لوگوں کا نکاسی آب کے انتظامات پر اظہار اطمینان،

میاں صاحب استعفیٰ نہ دیں ورنہ میں خود کشی کرلوں گا:ایک جذباتی شہری کی وزیراعلیٰ سے التجا

جمعرات 4 ستمبر 2014 23:16

وزیراعلیٰ کی لکشمی چوک آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی،لوگوں کا ..

اہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4ستمبر 2014ء )وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے رات گئے شہرکے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اوربارش کے پانی کے نکاس کے صورتحال کا جائزہ لیا ۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ،کمشنر و ڈی سی او لاہور اور متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ بارش میں بھیگتے ہوئے جی پی اوچوک،نیکلسن روڈ پر حاجی کیمپ ،ایک موریہ پل اور لکشمی چوک میں بارش کے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔

شہریوں سے نکاسی آب کے حوالے سے حکومتی انتظامات کے بارے دریافت کیا ۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے نکاس کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ۔وزیراعلیٰ کی آمد پر لکشمی چوک میں عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اورشیر آیا شیرآیا کے نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عوام میں گھل مل گئے اور بارشی پانی کی صورتحال بارے دریافت کیا ۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم نے بہت اچھا کام کیا ہے ،بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا ہے۔ ایک جذباتی شہری نے التجا کی کہ میاں صاحب استعفیٰ نہ دیں ورنہ میں خود کشی کرلوں گا۔شہریوں کی طرف سے ایک رہنماء کے خلاف مردہ آبادکے نعرے لگانے پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایسے نعرے نہ لگائیں انشاء اللہ فتح حق اورجمہوریت کی ہوگی۔

بعدازاں وزیراعلیٰ چاہ میراں مصری شاہ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے جاں بحق ہونے والے 6افراد کے گھر گئے اور اہل خانہ سے اس افسوسناک واقعہ پر اظہار تعزیت کیا ۔وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن ،اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری شہبازاور غزالی بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔