وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 11:32

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے جاری خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منعقد کیے گئے خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں شرکت کی، تقریب کے دوران وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سربراہی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وفد نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اپنے ساتھ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض لائے ہیں، جس میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزراء بھی شامل ہیں تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان فالو اپ میٹنگز ہو سکیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت اور درازی عمر کے لیے اپنی دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس کے علاوہ ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی، وزیراعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر امیر کے تہنیتی خط پر ان کا شکریہ ادا کیا، شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو امیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے جو کہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہو گا، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے کویت کے امیر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔