Live Updates

لگتا ہے چینی صدر کو پتہ لگ گیا نواز شریف جانے والے ہیں، عمران خان

جمعہ 5 ستمبر 2014 22:48

لگتا ہے چینی صدر کو پتہ لگ گیا نواز شریف جانے والے ہیں، عمران خان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5ستمبر۔2014ء) عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے لگتا ہے چینی صدر کو معلوم ہوگیا نواز شریف جانے والے ہیں اس لئے دورہ ملتوی کیا، حکومت اپنی ہی فوج کو بدنام کررہی ہے، یہ واضح ہے کہ پاک فوج مداخلت نہیں کررہی، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، نواز شریف کے استعفیٰ کے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے۔اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ تاثر پھیلایا گیا تحریک انصاف کسی کے اشارے پر چل رہی ہے، ایک چیز واضح ہوجانی چاہئے فوج مداخلت نہیں کررہی، حکومت خود اپنی فوج کو بدنام کرنے پر تلی ہوئی ہے، فوج کے نہیں عوام کے اشارے پر اسلام آباد آئے، غلامی کی زنجیر توڑنے کا وقت آگیا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم جعلی ووٹ سے اقتدار میں آئے، ن لیگ کہتی ہے چینی صدر ہماری وجہ سے نہیں آئے، کیا ہم نے اسلام آباد اور پنجاب میں سیکڑوں کنٹینر لگائے ہیں، مجھے لگتا ہے چینی صدر اس لئے نہیں آئے کہ انہیں پتہ چل گیا نواز شریف جانے والے ہیں، جو آتا ہے جمہوریت کے پرخچے اڑا دیتا تھا، حکمرانوں شرم کرو! عوام پر تشدد کرنا جمہوریت ہے؟، مذاکراتی کمیٹی بھلے بات کرتی رہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، نواز شریف کے استعفیٰ کے بغیر نہیں جاؤں گا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ اسمبلی میں جو زیادہ دو نمبر ہے اس نے زیادہ شور مچایا، اچکزئی اور مولانا صاحب ایک قدم آگے نکل گئے، دونوں نے کہا مظاہرین کو مزید مارو، حکمرانوں سے زیادہ جھوٹے آج تک ملک میں نہیں آئے، یہ چینی سربراہ سے 45 ارب کے قرضے لے کر نسلوں کو مقروض کرنے پر تلے ہیں، نواز شریف نے کہا تھا کیس چلنے تک یوسف رضا گیلانی کو استعفیٰ دینا پڑے گا، میاں صاحب کیا آپ مغل اعظم ہیں جو استعفیٰ نہیں دینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے نواز شریف کو 4 حلقوں پر پھنسایا، اللہ کا شکر ہے، دن بہ دن حکمران بے نقاب ہوتے جارہے ہیں، پی ایس 45 میں ایک ڈبے سے بھوسا ملا، پی ایس 70 سے مسترد ووٹ آر او نے ن لیگ کو دے دیے، پیچھے نہیں ہٹوں گا، آزادی یا موت کا فیصلہ کرلیا، کامیاب ہوگئے تو نیا پاکستان ضرور بنے گا، جس کے اثاثے باہر ہوں اسے ووٹ نہیں دینا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات